'پی ایس ایل پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے سودمند ثابت ہو گی'

09 اکتوبر 2015
اظہر محمود نے 21 ٹیسٹ اور 141 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ فائل فوٹو اے ایف پی
اظہر محمود نے 21 ٹیسٹ اور 141 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ فائل فوٹو اے ایف پی

پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں اپنی دلچسپی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرس گیل اور کیون پیٹرسن جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی میں یہ ٹورنامنٹ بہت دلچسپ ثابت ہو گا۔

اظہر محمود نے معروف ویب سائٹ کیلئے اپنے کالم میں انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنا ڈرافٹ کیلئے بھیجا ہے اور پرامید ہیں کوئی ٹیم انہیں خرید لے گی۔

آل راؤنڈر نے آخری مرتبہ 2007 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور اس کے بعد سے وہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری پی ایس ایل میں شرکت پر نظریں مرکوز ہیں، میں نے اپنا نام لیگ میں شرکت کیلئے بھیجا ہے اور امید کرتا ہوں کہ لیگ کی کسی ٹیم میں منتخب کر لیا جاؤں گا۔

پاکستان کی پہلی ٹی ٹوئنٹی لیگ کا آغاز آئندہ سال چار فرویر سے متحدہ عرب امارات میں ہو گا جو 20 دن تک جاری رہے گی۔

کرس گیل اور پیٹرسن سمیت متعدد غیر ملکی کھلاڑی لیگ میں شرکت پر آمادگی ظاہر کر چکے ہیں اور اب اظہر محمود نے بھی لیگ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیل جیسے عالمی معیار کے کھلاڑیوں کی شرکت سے یہ ٹورنامنٹ انتہائی دلچسپ ثابت ہو گا۔

انگلش کاؤنٹی سرے کیلئے کھیلنے والے 40 سالہ اظہر محمود نے کہا کہ اگر لیگ کا افتتاحی سیزن پاکستان میں ہوتا تو بہت اچھا تھا لیکن ملک میں نہ ہونے باوجود یہ ایک انتہائی کامیاب تجربہ ثابت ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ ہامرے نوجوانوں کے سامنے ہمارے ہوم گراؤنڈ پر کھیلی جاتی تو بہت اچھا تھا کیونکہ اس سے انہیں سیکھنے کا بہت موقع ملتا۔

تاہم ان کا کہنا تاھ کہ متحدہ عرب امارات میں لیگ کے انعقاد سے بھی کافی فائدہ ہو گا کیونکہ کھلاڑیوں کو بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ حاصل ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں