بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ وہ بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے میں کافی نروس ہورہی ہیں تاہم وہ اسے 'اچھی' بات سمجھتی ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ وہ اگلے ماہ سے شاہ رخ خان کے ہمراہ اداکاری شروع کرنے جارہی ہیں جس کی وجہ سے وہ کافی گھبرائی ہوئی ہیں۔

عالیہ کے مطابق شاہ رخ خان ایک بڑے اداکار ہیں اور ان کے پاس کافی تجربہ ہے جبکہ وہ بولی وڈ میں بالکل نئی ہیں جس کی وجہ سے وہ خود کو نروس محسوس کر رہی ہیں۔

عالیہ کا مزید کہنا تھا کہ نروس ہونا شاید اچھی بات ہے جس کی وجہ سے ان کے پیر زمین پر رہیں گے۔

کرن جوہر کی پروڈکشن اور گوری شندے کی ہدایت میں بننے والی اس فلم کی کہانی تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔

اپنی آنے والی فلم ’شاندار‘ کے حوالے سے عالیہ کا کہنا تھا کہ وہ شاہد کپور کے ہمراہ بھی اداکاری کرنے سے گھبرائی تھیں تاہم انہوں نے اس کو خود کے لیے ایک بہترین موقع سمجھا۔

فلم ’شاندار‘ میں عالیہ بھٹ اور شاہد کپور نیند نا آنے والی بیماری میں مبتلہ ہونے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ویکاس بہل کی ہدایت میں بنی فلم ’شاندار‘ 22 اکتوبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں