انجری کے سبب اسٹیون فن پہلے ٹیسٹ سے باہر

12 اکتوبر 2015
اسٹیون فن۔ فائل فوٹو اے ایف پی
اسٹیون فن۔ فائل فوٹو اے ایف پی

ابوظہبی: انگلینڈ کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل برا نقصان پہنچا ہے اور ان فارم فاسٹ باؤلر اسٹیون فن پیر کی انجری کے سبب میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

انگلش کپتان ایلسٹر کک نے کہا کہ فن کی انجری ہمارے لیے بڑا دھچکا ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فن کی ٹیم میں شمولیت کے سلسلے میں غور کیا جا رہا تھا کیونکہ انہوں نے وارم اپ میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اے کے خلاف دوسرے وارم اپ میچ میں فن نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔

تاہم وارم اپ میچ کے بعد انہوں نے پیر میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔

کک نے اعلان کیا کہ وہ معین علی کے ساتھ اوپننگ کریں گے جبکہ اسپنر عادل راشد اپن ٹیسٹ ڈیبیو کریں فے جبکہ جیمز اینڈرسن کی بھی ٹیم میں واپسی ہو گی جو انجری کے سبب ایشز کا آخری ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔

ایلسٹر کک نے کہا کہ عادل راشد ایک خطرناک باؤلر ہیں اور ٹیم کو میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وارم اپ میچ میں عادل راشد نے 51 رنز بنانے کے بعد 53 رنز کے عوض تین وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کے نائب کپتان اظہر علی بھی پیر کی انجری کے سبب سیریز سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ اسپنر یاسر شاہ کی بھی انجری کے سبب میچ میں شرکت مشکوک ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کل سے ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں