سلو اوور ریٹ پر جنوبی افریقی ٹیم پر جرمانہ

12 اکتوبر 2015
ڈی ویلیئرز نے میچ میں سنچری اسکور کر کے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن وہ اپنی چالیس فیصد میچ فیس سے محروم ہو گئے۔ فوٹو اے ایف پی
ڈی ویلیئرز نے میچ میں سنچری اسکور کر کے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن وہ اپنی چالیس فیصد میچ فیس سے محروم ہو گئے۔ فوٹو اے ایف پی

دبئی: جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پر ہندوستان کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں سلو اوور ریٹ کی پاداش میں جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کو کھیلے گئے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے سسنی خیز مقابلے بعد ہندوستان کو پانچ رنز سے شکست دی تھی۔

تاہم فتح کی تلاش میں سرگرداں جنوبی افریقی ٹیم میچ کے دوران اپنے اوورز کی رفتار کو برقرار نہ رکھ سکی اور مقررہ وقت کے دوران دو اوورز پیچھے رہی جس کے باعث آئی سی سی نے جنوبی افریقی ٹیم پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔

سلو اوور ریٹ کے سبب جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز پر 40 فیصد جبکہ ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں پر 20 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔

آئی سی سی نے کہا کہ ڈی ویلیئرز نے اپنی پر شرمندگی ظاہر کرتے ہوئے سزا کو تسلیم کر لیا ہے اس لیے باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں۔

آئی سی سی قوانین کے تحت اگر ایک سال میں کوئی ٹیم دو مرتبہ اس جرم کی مرتکب ہو تو اس کے کپتان کو معطل کردیا جاتا ہے۔

اس سے قبل ڈی ویلیئرز سال میں دو مرتبہ سلو اوور ریٹ کے مرتکب قرار پائے تھے جس کے سبب ان پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی گئی تھی اور وہ بنگلہ دیش کے خلاف جولائی میں ہونے والی سیریز کا پہلا میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

اگر اگلے 12 ماہ کے دوران جنوبی افریقہ سے دوبارہ یہی غلطی سرزد ہوتی ہے تو ڈی ویلیئرز کو پھر معطل کردیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں