ابوظہبی ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستان کے نام

اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2015
کھانے کے وقفے تک شعیب ملک اور محمد حفیظ دوسری وکٹ کیلئے 77 رنز جوڑ چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
کھانے کے وقفے تک شعیب ملک اور محمد حفیظ دوسری وکٹ کیلئے 77 رنز جوڑ چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

ابو ظہبی: پاکستان نے شعیب ملک اور محمد حفیظ کی شاندار بلے بازی کی بدولت ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان نے چار وکٹ پر 286 رنز بنا کر پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو دن کے تیسرے ہی اوور میں شان مسعود دو رنز بنانے کے بعد جیمز اینڈرسن کی وکٹ بن گئے.

تاہم اس کے بعد شعیب ملک اور حفیظ نے ذمے دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے انگلش باؤلرز کا مقابلہ کرتے ہوئے ان کے صبر کا امتحان لیا.

دونوں کھلاڑیوں نے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 168 رنز کی شراکت قائم کی، حفیظ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 98 رنز بنانے کے بعد وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کے جرم میں آؤٹ قرار دیے گئے.

یونس خان نے معین علی کو ایک شاندار چھکا لگا کر میانداد کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بلے باز کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

یونس اور شعیب نے تیسری وکٹ کیلئے 74 رنز جوڑے لیکن یونس 38 رنز بنانے کے بعد ایلسٹر کک کو ایک سیدھا کیچ دے بیٹھے۔

اس دوران پانچ سال بعد ٹیم میں واپس آنے والے شعیب ملک نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی لیکن اس اننگ کے دوران وہ اس وقت خوش قسمت رہے جب 40 کے اسکور پر وہ کیچ ہوئے لیکن بعد میں گیند نوبال قرار پائی۔

مصباح الحق کی اننگ صرف تین رنز تک محدود رہی لیکن وہ اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ قرار دیے جانے پر مایوس نظر آئے۔

اس کے بعد شعیب اور اسد شفیق نے دن کے اختتام تک سنبھل کر بیٹنگ کی اور مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے چار وکٹ کے نقصان پر 286 رنز بنائے تھے، شعیب ملک 14 چوکوں کی مدد سے 124 جبکہ اسد شفیق 11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

اس سے قبل ابوظہبی میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ان فٹ یاسر شاہ کے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی جگہ فاسٹ باؤلر عمران خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں یاسر شاہ کا موجود نہ ہونا ہمارے لیے بہت مایوس کن ہے اور ان کی کمی کو دیگر باؤلرز نے پورا کرنا ہو گا۔

پہلے ٹیسٹ میں کپتان مصباح الحق کے علاوہ قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، شان مسعود، شعیب ملک، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، وہاب ریاض، ذوالفقار بابر، راحت علی اور عمران خان شامل ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم کی قیادت الیسٹر کک کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں معین علی، ای این بیل، جوئے روٹ، جونی بیرسٹو، بین سٹوکس، جو بٹلر، عادل رشید، اسٹورٹ براڈ، مارک ووڈ اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 30 نومبر تک 3 ٹیسٹ میجز، 4 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستانی ٹیم نے ابوظہبی میں اب تک 7 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جن میں سے چار میں اسے فتح حاصل ہوئی جبکہ تین میچز برابر رہے۔

تبصرے (0) بند ہیں