کراچی: پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد اور انضمام الحق نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ قائم کرنے والے مڈل آرڈر بلے باز یونس خان کی محنت اور عزم کو سراہا ہے۔

37 سالہ یونس نے منگل کو ابو ظہبی میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن میانداد کے 8832 رنز کا 22 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا۔

یونس نے آج انگلش آف سپنر معین علی کو آگے نکل کر بڑا چھکا مار تے ہوئے انضمام کے 8830 اور میانداد کے 8832 رنز عبور کر لیے۔

میانداد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا ’مجھے خوشی ہے کہ میرا ریکارڈ اپنے ملک اور ٹیم کیلئے کھیلنے والے ایک وطن پرست نے توڑا‘۔

’وہ کرکٹ کا ایک اچھا طالب علم اور بہت محنت کرنے والا پلیئر ہے، جس نے اپنی ایمانداری اور عزم کے ساتھ اپنا نام بنایا‘۔

’یونس نے میری کوچنگ میں بھی کھیلا ہے۔ میں نے اسے کھیل کا ایک اچھا طالب علم پایا جو ایک عظیم کھلاڑی کی طرح ہمیشہ سیکھنے اور کوششیں کرنے کیلئے تیار رہتا ہے‘۔

میانداد کے مطابق، یونس نے پاکستان کرکٹ میں ایک اچھا حصہ ڈالا ہے۔’اب چونکہ اس نے ریکارڈ توڑ دیا ہے تو میں چاہوں گا کہ وہ کھیلتا رہے اور پچھلے 15 سال کی طرح اپنی پرفارمنس دکھاتا رہے‘۔

ادھر، 2007 سے 2003 تک یونس کی کپتانی کرنے والے انضمام نے کہا کہ یونس محنت کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ’جب وہ ٹیم میں آئے تھے تو میں نے ناصرف انہیں باصلاحیت بلکہ سخت محنتی بھی پایا‘۔

’جب بھی ٹیم کو رنز کی ضرورت پڑی انہوں نے سکور کیا اور یہ ٹیم کیلئے کھیلنے والے ایک بڑے کھلاڑی کی نشانی ہے‘۔

تبصرے (1) بند ہیں

Imtiaz Ali Oct 13, 2015 11:31pm
یونس خان نے یہ سب عظیم جد و جہد کے مرہونِ منت حاصل کیاہے ۔ جس کیلئے سٹار بلے باز کو جتنا سراہاجائے ،کم ہے۔ پاکستان کو یونس خان پر فخر ہےکہ جس اپنی انتھک محنت و قابلیت سے یہ اعلٰی اعزاز پایا۔