’جگر کے صرف 25 فیصد حصہ پر زندہ ہوں‘

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2015
فوٹو — اے ایف پی
فوٹو — اے ایف پی

بولی وڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن نے ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ وہ مہلک ہیپٹاٹائٹس بی وائرس کے باعث اپنے جگر کا 75 فیصد کھو چکے ہیں اور صرف 25 فیصد پر زندہ ہیں.

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ہیپٹاٹائٹس کے حوالے سے ایک مہم کی افتتاحی تقریب کے دوران امیتابھ بچن نے بتایا کہ انھیں یہ بیماری اتفاقیہ طور پر لگی.

1982میں ہونے والے حادثے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امیتابھ نے بتایا کہ فلم 'قلی' کی شوٹنگ کے دوران ان کا ایکسیڈنٹ ہوا اور ان کے جسم میں 200 ڈونرز(عطیہ کنندگان) سے لی گئی 60 خون کی بوتلیں لگائی گئیں.

بگ بی نے بتایا، "مجھے خون دینے والے ایک شخص کے جسم میں ہیپٹاٹائٹس بی وائرس موجود تھا، جو میرے جسم میں داخل ہوگیا. سن 2000 تک سب کچھ ٹھیک رہا اور حادثے کے تقریباً 18 سال بعد ایک معمول کے میڈیکل چیک اَپ کے دوران مجھے بتایا گیا کہ میرے جگر کا 75 فیصد متاثر ہوچکا ہے اور صرف 25 فیصد ہی کام کررہا ہے"۔

"لہذا، اگر اب میں یہاں کھڑا ہوں تو آپ ایک ایسے شخص کو دیکھ رہے ہیں جو اپنے جگر کے صرف 25 فیصد کے ساتھ زندہ ہے، یہ ایک بری خبر ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ آپ اپنے جگر کے صرف 12 فیصد کے ساتھ بھی زندہ رہ سکتے ہیں، لیکن کوئی بھی اُس اسٹیج تک نہیں جانا چاہتا"۔

اس موقع پر امیتابھ نے ہندوستان میں ڈاکٹروں اور طبی سہولیات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بیرون ملک جانے کی استعداد رکھنے کے باوجود انھوں نے اپنے ملک کے ڈاکٹروں اور طبی ماہرین پر ہی بھروسہ کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں