'کسان پیکج: 12 لاکھ کاشتکار مستفید ہوں گے'

24 نومبر 2015
جھنگ: وزیراعظم کسانوں میں چیک تقسیم کرتے ہوئے۔ — پی آئی ڈی
جھنگ: وزیراعظم کسانوں میں چیک تقسیم کرتے ہوئے۔ — پی آئی ڈی

جھنگ: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت منفی سیاست کی بجائے عوام کی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔

منگل کو یہاں کسان پیکیج کے سلسلے میں چیک تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے مالی مسائل کے باوجود تین کھرب اکتالیس ارب روپے کے کسان پیکیج کا اعلان کیا۔

’ہم ذاتی مفاد کے بجائے اقدار اور قومی مفادات کے تحفظ کی سوچ پر مبنی سیاست کررہے ہیں‘۔

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کسانوں کی سہولت کیلئے انہیں امداد فراہم کررہی ہے اور وہ مشکل کی گھڑیوں میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ بعض مخالفین نے کسان پیکیج پراعتراض کیا تاہم اسے سپریم کورٹ کی جانب سے قانونی تحفظ حاصل ہوا تاکہ ہم کسان برادری کی فوری خدمت کرسکیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں بارہ لاکھ کاشتکار کسان پیکج سے مستفید ہوں گے۔’ حکومت غریب اور مستحق افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے پر بھی غور کررہی ہے‘۔

نوازشریف نے کہاکہ حکومت زلزلہ متاثرین جن کے گھر تباہ ہوگئے تھے کی بحالی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ اڑھائی سال میں اس پرقابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اس سے پہلے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحفظ خوراک کے وفاقی وزیر سکندرحیات بوسن نے کہاکہ زراعت معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور انقلابی کسان پیکج کاشتکاروں کی سہولت کیلئے متعارف کرایاگیا۔

بعد میں وزیراعظم نے چھوٹے کاشتکاروں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔ریڈیو پاکستان

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں