ایئرپورٹس پر نیا حفاظتی نظام متعارف کروانے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 25 نومبر 2015
ایک سیکیورٹی گارڈ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کھڑا ہے—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
ایک سیکیورٹی گارڈ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کھڑا ہے—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کے خصوصی مشیر برائے ہوا بازی شجاعت عظیم کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے حملے سے نمٹنے کے لیے نیا حفاظتی نظام متعارف کروایا جارہا ہے۔

ایوی ایشن ڈویژن میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیشنل انجینیئرنگ اینڈ سائنٹفک کمیشن کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مذکورہ سسٹم لگا دیا گیا ہے جبکہ کراچی کے جناح ٹرمینل پر اسے لگانے کا کام جاری ہے۔

اس کے بعد مذکورہ نظام اسلام آبا میں قائم بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر لگایا جائے گا اور پھر بالترتیب یہ نظام ملک کے دیگر تمام ایئرپورٹس پر بھی نصب کردیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے سے بچنے کے لیے ایئرپورٹس کی سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔

وزیراعظم کے خصوصی مشیر ںے کہا کہ ایک بریگیڈیئر کی کمانڈ میں 9000 انتہائی تربیت یافتہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز (اے ایس ایف) اہلکار موجود ہیں جنھیں اب سے ایک میجر جنرل کی کمانڈ میں دے دیا گیا ہے اور جن کے زیر اثر دو بریگیڈیئرز ہوں گے۔

شجاعت عظیم کا مزید کہنا تھا کہ کراچی، پشاور اور کوئٹہ کے ایئر پورٹس پر وی ایچ ایف اومنی ڈائریکشنل ریڈیو سہولت فراہم کی گئی ہے، اس ریڈیو نیویگیشن نظام کی مدد سے طیاروں کی پوزیشن کا تعین کیے بغیر زمین پر موجود ریڈیو سگنل انھیں اپنے روٹ پر رہنے کے قابل بناتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ میں نصب کیا جانے والے سی اے ٹی 3 بی، انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم یا آئی ایل ایس کے باعث پاکستان خطے میں پہلا ملک ہے جہاں مذکورہ 2 سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں