کشمیر میں ہندوستانی فوج پر حملہ،اہلکار ہلاک

25 نومبر 2015
حملہ آوروں کی شناخت سے متعلق  کچھ معلوم نہیں ہوسکا — فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز
حملہ آوروں کی شناخت سے متعلق کچھ معلوم نہیں ہوسکا — فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز

سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے تنگ دھر سیکٹر میں ہندوستان فورسز کے کیمپ پر حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں آرمی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ فورسز کے کیمپ پر حملہ آوروں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کا ہندوستانی فورسز کی جانب سے بھی جواب دیا گیا۔

آرمی حکام کا کہنا تھا کہ فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی کرنے پر حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ رک گئی، تاہم تھوڑی دیر کے وقفے کے بعد انہوں نے پھر فائرنگ شروع کردی۔

حملہ آوروں کی شناخت سے متعلق ابھی کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

یہ پڑھیں : وزیر اعلیٰ کشمیر کے گھر پر پاکستانی پرچم

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق زخمی فوجیوں میں ایک کرنل بھی شامل ہے، جو تنگ دھر سیکٹر میں نائب کمانڈر کے فرائض انجام دے رہا تھا۔

حملہ آوروں نے آرمی کیمپ کی جانب دستی بم بھی پھینکے جس سے ہندوستانی فوج کی کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ہندوستانی فورسز کی جانب سے 3 کشمیری نوجوانوں کو ’عسکریت پسند‘ قرار دے کر ہلاک کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : 21 سالہ کشمیری کی ہندوستان مخالف ویڈیو

گزشتہ روز تینوں لڑکوں کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں نوجوان شریک ہوئے جس کے بعد انہوں نے جنوبی کشمیر میں وزیر اعلیٰ مفتی سعید کے آبائی علاقے بیجبھارا میں ان کے خاندانی گھر پر پتھراؤ بھی کیا۔

نوجوانوں نے وزیر اعلیٰ کے گھر پر پتھراؤ کے بعد اس پر پاکستان کا پرچم بھی لگا دیا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے نوجوانوں کے منتشر ہونے کے بعد مفتی سعید کے گھر سے پاکستان کا پرچم اتار لیا۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں کشمیر میں ہندوستانی فوج کے خلاف مسلح حملوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ مختلف ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جس میں کشمیر کے نوجوان مسلح تحریک کی جانب راغب ہوتے نظر آئے ہیں۔

دوسری جانب کشمیر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں پاکستان کے جھنڈے لہرائے جانا بھی معمول بنتا جا رہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں