عامر خان کو تھپڑ مارو، انعام حاصل کرو: شیو سینا

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2015
بولی وڈ اداکار عامر خان—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
بولی وڈ اداکار عامر خان—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

لدھیانہ: انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا نے اعلان کیا ہے کہ جو بھی شخص بولی وڈ اداکار عامر خان کو تھپٹر مارے گا، اسے ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا.

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق مذکورہ اعلان لدھیانہ میں ہوٹل ایم بی ڈے ریڈیسن بلیو کے باہر شیو سینا کے احتجاج کے دوران کیا گیا، جہاں عامر خان ٹھہرے ہوئے ہیں.

واضح رہے کہ عامر خان اپنی فلم 'دنگل' کی شوٹنگ کے لیے لدھیانہ، پنجاب میں مقیم ہیں.

احتجاج کے دوران شیو سینا کے کارکنوں نے مبینہ طور پر اداکار کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی اور ان کی تصاویر جلائیں.

شیو سینا پنجاب کے چیئرمین راجیو ٹنڈن نے دعویٰ کیا، "جو بھی شخص عامر خان کو تھپڑ مارے گا، اسے ہر تھپڑ کے انعام میں ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے".

ٹنڈن کا کہنا تھا، "ہم ہوٹل کے مینیجر، ملازمین اور عامر خان کی فلم کی ٹیم کو بھی یہ موقع دے رہے ہیں کہ وہ عامر خان کو تھپڑ ماریں اور ہم سے ایک لاکھ روپے حاصل کریں، کوئی بھی باہمت اور محب الوطن شخص جو لدھیانہ میں عامر خان کو تھپڑ مارے گا، اسے ہماری جانب سے ہر تھپڑ پر ایک لاکھ روپے بطور انعام دیئے جائیں گے".

شیو سینا کے انتہاپسندوں نے ہوٹل کے سامنے والی سڑک بھی بلاک کردی اور عامر خان کے خلاف نعرے بازی کی.

واضح رہے کہ عامر خان احتجاج کے وقت ہوٹل میں موجود نہیں تھے.

لدھیانہ ویسٹ کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس روپندر کور سرن نے بتایا کہ واقعے کے بعد ہوٹل کے باہر پولیس کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا جبکہ 15 پولیس اہلکاروں پر مشتمل ایک کوئیک رسپانس ٹیم ہوٹل کے قریب پیڑولنگ میں مصروف ہے.

شیو سینا کے اعلان پر ٹوئٹر پر تنقید

عامر خان کو تھپڑ مارنے والے کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کے اعلان کے بعد ٹوئٹر پر شیو سینا کے خلاف لوگوں کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے نئی دہلی میں ایک تقریب کے موقع پر عامر خان نے کہا تھا کہ ان کی اہلیہ کرن راؤ نے بچوں کی حفاظت کے لیے انہیں ملک چھوڑنے کی تجویز دی جو ان کے لیے 'انتہائی تشویشناک' لمحہ تھا۔

مزید پڑھیں:انڈیا میں انتہا پسندی پر عامر خان کی تشویش

عامر کا کہنا تھا کہ "کرن اور میں ساری زندگی ہندوستان میں رہے ہیں، پہلی مرتبہ انھوں نے پوچھا کہ کیا ہمیں ہندوستان سے منتقل ہوجانا چاہیے؟"

ان کا مزید کہنا تھا "یہ کرن کی جانب سے ایک بہت بڑا بیان ہے، وہ بچوں کے حوالے سے خدشات کا شکار ہیں، وہ ہر روز اخبار کھولتے ہوئے خوف محسوس کرتی ہیں".

اداکار نے کہا،" اس ملک کا شہری ہونے کی حیثیت سے ہم اخبارات میں وہ سب کچھ پڑھتے ہیں جو ہندوستان میں ہورہا ہے، میں اس بات سے انکار نہیں کرسکتا، میں بہت سے واقعات کی وجہ سے تشویش زدہ ہوں".

بولی وڈ فلم اسٹار عامر خان ہندوستان میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور عدم برداشت کے بیان کے بعد شدید تنقید کی زد میں ہیں.

یہ بھی پڑھیں:عامر خان پاکستان چلے جائیں، شیو سینا

گذشہ روز بھی انتہاپسند ہندو جماعت شیو سینا کی جانب سے بیان سامنے آیا تھا کہ اگر عامر خان ہندوستان میں خود کو محفوظ تصور نہیں کر رہے تو 'پاکستان چلے جائیں'.

مہاراشٹرا کے وزیر ماحولیات اور سینیئر شیو سینا رہنما رام داس کدم کا کہنا تھا، "عامر خان اب تک ایک مشہور اداکار تھے، لیکن اب ہمیں لگتا ہے کہ ہم سانپ کو دودھ پلا رہے تھے، اگر وہ یہاں نہیں رہنا چاہتے تو پاکستان جاسکتے ہیں".

دوسری جانب ٹوئٹر پر بھی عامر خان کے خلاف تنقیدی پیغامات پوسٹ کیے جارہے ہیں جبکہ کچھ لوگوں نے ان کی حمایت میں بھی آواز اٹھائی ہے.

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

mumtaz khan Nov 26, 2015 06:49pm
Abi india main Indian Zarb i Azab lugnay main 30 saal.... Lugain gain...aagay agay dekhiay...hota hai kiya.??.