عامر خان کے بیان پر بحث، خاتون کی خودکشی

27 نومبر 2015
عامر خان—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
عامر خان—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

بھوپال/ جبل پور: ہندوستانی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر جبل پور میں ایک 24 سالہ خاتون نے بولی وڈ اداکار عامر خان کی جانب سے ہندوستان میں عدم برداشت کے بیان پر اپنے شوہر سے بحث کے بعد خود کشی کرلی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق جبل پور میں کوٹ والی کے علاقے میں سونم پانڈے نامی خاتون نے شوہر سے جھگڑے کے بعد زہر پی لیا، خاتون ایک 3 سالہ بیٹی کی والدہ تھی۔

اہلخانہ نے سونم کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا، جہاں کچھ گھنٹوں بعد انھوں نے دم توڑ دیا۔

خاتون کے شوہر میانک پانڈے، جو ایک این جی او کے ساتھ کام کرتے ہیں، نے پولیس کو بتایا کہ عامر خان کے عدم برداشت پر دیئے گئے بیان پر اُن کے دونوں کے درمیان بحث کا آغاز ہوا۔

میانک کے والد آر پی پانڈے (ایک ریٹائرڈ ویٹرنری سرجن) نے بتایا کہ ان کی بہو عامر خان کی مداح تھی اور جب میانک نے عامر خان کے بیان کا مذاق اڑایا تو وہ ناراض ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی دیگر پہلوؤں سے بھی تفتیش کر رہے ہیں۔

کوٹ والی پولیس اسٹیشن کے تفتیشی افسر او پی سنگھ نے بتایا، "ابھی ہم کیس کو صرف شوہر کےبیان کی نظر سے دیکھ رہے ہیں جبکہ زہر کے نمونے بھی ٹیسٹ کے لیے اکٹھے کرلیے گئے ہیں"۔

دوسری جانب خودکشی کرنے والی خاتون کے بھائی کا کہنا ہے کہ ان کی بہن کو جہیز کے لیے بھی پریشان کیا جارہا تھا، پولیس کے مطابق اس پہلو سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے نئی دہلی میں ایک تقریب کے موقع پر عامر خان نے کہا تھا کہ ان کی اہلیہ کرن راؤ نے بچوں کی حفاظت کے لیے انہیں ملک چھوڑنے کی تجویز دی جو ان کے لیے 'انتہائی تشویشناک' لمحہ تھا۔

اداکار کا کہنا تھا، "اس ملک کا شہری ہونے کی حیثیت سے ہم اخبارات میں وہ سب کچھ پڑھتے ہیں جو ہندوستان میں ہورہا ہے، میں اس بات سے انکار نہیں کرسکتا، میں بہت سے واقعات کی وجہ سے تشویش زدہ ہوں".

مزید پڑھیں:عامر خان کو تھپڑ مارو، انعام حاصل کرو: شیو سینا

بولی وڈ فلم اسٹار عامر خان ہندوستان میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور عدم برداشت کے بیان کے بعد شدید تنقید کی زد میں ہیں.

گذشتہ روز انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا نے اعلان کیا تھا کہ جو بھی شخص بولی وڈ اداکار عامر خان کو تھپٹر مارے گا، اسے ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا.

تبصرے (1) بند ہیں

Imran Nov 27, 2015 02:10pm
عامر خان بالکل ٹھیک کہ رہا ہے۔ اگر آپ کا ملک آپ کی عزت کا باعث بنا ہے تو اسکا ہرگز یہ مطلب نئی کہ انسان سچ بات کہنا چھوڑ دے۔ عامر کو جو ملک میں نظر آیا وہ اس نے کہ دیاقطع نظر اسکے کہ انجام کیا ہوناہے۔ اور اب شیو سینا کی حالت سب کے سامنے ہے۔ پورا ملک لبرل بنتا ہے صرف فلموں میں۔