جنوبی افریقا کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست

اپ ڈیٹ 27 نومبر 2015
ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دس سال بعد ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی۔ فوٹو :اے ایف پی
ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دس سال بعد ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی۔ فوٹو :اے ایف پی

ناگپور: جنوبی افریقا کو ہندوستان کی سرزمین میں ون ڈے سیریز میں شان دارفتح کے بعد ٹیسٹ سیریز میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا جب تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن 310 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اسپین باؤلرز کے لیے جنت ثابت ہونے والے ناگپور اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا نے تیسرے دن کے کھیل کاآغاز کیا تو اسے جیت کے لیے 278 رنز درکار تھے جبکہ ان کی 8 وکٹیں باقی تھیں، کپتان ہاشم آملہ 3 اور ڈین ایلگر 10 رنز پر کھیل رہے تھے۔

ایلگر 18 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے تو جنوبی افریقا کا اسکور 40 رنز تھا جب کہ 58 رنز کے مجموعے پر تجربہ کار اے بی ڈی ولیئرز بھی صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ہاشم آملہ اور فیف ڈوپلیسی نے کچھ مزاحمت کی اور72 رنز کی شراکت میں اسکور کو 130 رنز تک پہنچایا۔

ہاشم آملہ اور ڈوپلیسی 39،39 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے، ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقا کے بلے باز ایشون کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور 185 رنز پر آؤٹ ہوکر میچ میں 124 رنز سے شکست سمیٹ لی۔

ہندوستان تیسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے دس سال بعد جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔

ایشون نے دوسری اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرکے میچ میں مجموعی طورپر 12 وکٹیں اپنے نام کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

یہ پڑھیں: ناگپور ٹیسٹ کے دوسرے دن 20 وکٹیں گر گئیں

اس سے قبل ہندوستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 215 اور دوسری اننگز میں 173 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی تھی جبکہ جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں صرف 79 رنز پر آؤٹ ہوکر ہندوستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کی جانب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کاریکارڑ قائم کیا تھا۔

ہندوستان اور جنوبی افریقا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کی خاص بات بدترین پچز ہیں جہاں اب تک دو میچوں کا فیصلہ تیسرے دن میں ہوا جبکہ بارش سے متاثر ہونے والے دوسرے میچ کی صورت حال بھی کچھ مختلف نہیں تھی۔

مزید پڑھیں: موہالی ٹیسٹ تیسرے دن ہندوستان کی فتح پر ختم

ہندوستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا کو 108 رنز سے شکست دی تھی، بارش سے متاثر ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہواتھا۔

سیریز کا چوتھا اور آخری میچ 3 دسمبر سے دہلی میں شروع ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں