حکومت نے ہندوستان سے سیریز کی اجازت دیدی

27 نومبر 2015
پی سی بی نے وزیراعظم کو ہندوستان کے خلاف سیریز غیر جانبدار مقام میں کھیلنے کی جازت طلب کی تھی۔ فوٹو : ایجنسیاں
پی سی بی نے وزیراعظم کو ہندوستان کے خلاف سیریز غیر جانبدار مقام میں کھیلنے کی جازت طلب کی تھی۔ فوٹو : ایجنسیاں

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہندوستان کے خلاف اگلے ماہ سری لنکا میں کرکٹ سیریز کے انعقاد کے لیے حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کی تصدیق کردی۔

پی سی بی کے اعلان کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے سیریز کے انعقاد کی اجازت جمعرات کو دی تھی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیریز کے حوالے سے تفصیلات ہندوستانی کرکٹ بورڑ کی جانب سے تصدیق کے بعد جاری کردی جائیں گی۔

اس سے قبل پی سی بی کے ذرائع نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ سیریز کے انعقاد کے حوالے سے افواہیں ہندوستانی حکومت کے اندر اختلاف رائے کے باعث گردش کررہی ہیں۔

پی سی بی حکام نے کہا تھا کہ "یہ مسئلہ اس لئے پیدا ہوا کیونکہ ہندوستانی حکومت اس معاملے میں تقسیم ہے، متعلقہ وزارت نے بی سی سی آئی کو آگے بڑھنے کا پیغام دیا تھا لیکن مخالف گروپ کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا"۔

انھوں نے مزید بتایا کہ اس کو کرکٹ سیریز سے زیادہ سیاسی مسئلہ بنایا جارہا ہے۔

اس سے قبل پی سی بی اور ہندوستان کرکٹ بورڑ(بی سی سی آئی) کے درمیان مقام کے انتخاب میں اختلاف کے باعث سیریز کے معاملات تعطل کا شکار ہوگئے تھے۔

پی سی بی اوربی سی سی آئی کے درمیان گزشتہ سال ہونے والے معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان 2015 سے 2023 تک چھ سیریز کھیلی جائیں گی اور پہلی سیریز متحدہ عرب امارات میں دسمبر میں منعقد ہوگی تاہم بی سی سی آئی نے متحدہ عرب امارات میں کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو ہندوستان آنے کی دعوت دی تھی۔

معاہدے کے مطابق دسمبر میں دو ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جانے ہیں۔

پی سی بی نے ہندوستان کے انکار کے بعد سخت موقف اپناتے ہوئے بی سی سی کی تجویز کو رد کردیا تھا جبکہ ہندوستان نے بھی متحدہ عرب امارات میں نہ کھیلنے کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا۔

آئی سی سی میں پاکستان ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے دبئی میں دونوں ملکوں سے مصالحتی اجلاس کیا تھا جہاں سری لنکا کو سیریز کی میزبانی کے لیے چنا گیا تھا۔

پی سی بی نے حکومت سے متعلقہ تجویز کو قبول کرنے کی اجازت کے لیے خط لکھا تھا۔

دوسری جانب بی سی سی آئی نے بھی اپنی حکومت سے سری لنکا میں مجوزہ سیریز کھیلنے کے لیے اجازت مانگی ہے۔

پی سی بی اور بی سی سی آئی نے جب گزشتہ سال 6 دوطرفہ سیریز کے لیے معاہدے پر دستخط کئے تھے تو اس وقت ہندوستان کے وزیراعظم منموہن سنگھ نے بی سی سی آئی کو اجازت دی تھی۔

بعد ازاں بی سی سی آئی نے کہا تھا کہ مودی کی سرپرستی میں قائم ہونے والی نئی حکومت سے سیریز کے لیے اجازت لیں گے۔

ہندوستان نے روایتی حریف پاکستان کے ساتھ 2008 کے بمبئی حملوں کے بعد اکثر کھیلوں کے مقابلے منسوخ کردیے ہیں، ان کا موقف ہے کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی پاکستان میں ہوئی تھی۔

دونوں ممالک کے درمیان آخری سیریز اس وقت کھیلی گئی تھی جب مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے دسمبر 2012 سے جنوری 2013 تک 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے ہندوستان کا دورہ کیا تھا، جس میں پاکستان نے ہندوستان کو ون ڈے سیریز میں 2-1 سے ہرایا تھا جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔

پاکستان نے مکمل سیریز کے لیے آخری مرتبہ 2007 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا جبکہ ہندوستان 2006 میں پاکستان آیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں