یونس خان کا بیٹ مستحق افراد کے نام

اپ ڈیٹ 28 نومبر 2015
یونس خان انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں چھکا لگا کر جاوید میانداد کا ریکارڑ اپنے نام کیا تھا۔ فوٹو: رائٹرز
یونس خان انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں چھکا لگا کر جاوید میانداد کا ریکارڑ اپنے نام کیا تھا۔ فوٹو: رائٹرز

کراچی: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان نے اپنا تاریخ ساز بلا انڈس اسپتال کو عطیہ کردیا جو مستحق افراد کے علاج میں مدد کے لیے نیلام کردیا جائے گا.

پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب میں شریک تھے جہاں انھوں نے اپنے تاریخ ساز بلے کو انڈس اسپتال کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ اس بلے کو نیلام کریں گے اور اس کے ذریعے جو رقم حاصل ہوگی وہ اسپتال کی تعمیر اور دیگر کاموں میں خرچ ہوگی۔۔

یونس خان نے مخیر افراد سے اپیل کی وہ آگے آئیں اور اس ریکارڈ ساز بلے کو جتنے زیادہ پیسوں سے خرید سکتے ہیں خریدیں تاکہ مستحق افراد کے لیے اسپتال کا تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔

یونس خان نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کا پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کاریکارڑ خوب صورت چھکا لگا کراپنے نام کیا تھا، اب اسی بلے کو مستحق افراد کی بہتری کے لیے عطیہ کردیاہے۔

فوٹو: بشکریہ انڈس ہسپتال
فوٹو: بشکریہ انڈس ہسپتال

اس موقع پر یونس خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انھیں بہت کچھ دیا ہے اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے لیے کچھ کروں۔

انھوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ آگے بڑھیں اور سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان سماجی کاموں کے حوالے سے معروف ہیں جنھوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی والدہ کے نام سے کینسر کے مریضوں کے لیے عالمی معیار کا اسپتال لاہور میں قائم کیا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی بھی پشاور میں اسپتال کی تعمیر اور دیگر فلاحی کاموں میں سرگرم عمل ہیں۔

پاک بھارت سیریز کے حوالے سے یونس خان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سے خطے کو بہت فائدہ ہو گا اور کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر بھی بہت سیکھنے کو ملے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں