تاریخی ٹیسٹ کا دوسرا دن باؤلرز کے نام رہا

28 نومبر 2015
گلابی گیند سے کھیلے جانے  والے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے باؤلرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فوٹو : رائٹرز
گلابی گیند سے کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے باؤلرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فوٹو : رائٹرز

ایڈیلیڈ: ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی دفعہ گلابی گیند سے کھیلے جانے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں بلے بازوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جہاں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے دن کے اختتام پر دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے بیٹسمین دوسرے دن بھی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آؤٹ ہوتے رہے، دن کے اختتام پر مچل سینٹنر 13اور واٹلنگ 7 رنز پر کھیل رہے تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں 22 رنز کی برتری کے بعد نیوزی لینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو ان کی پہلی وکٹ 29 رنز پر مارٹن گپٹل کی صورت میں گری جب وہ 10 رنز بناکر ہیزل ووڈ کا شکار ہوئے، دوسری وکٹ 32 رنز پر لیتھم کی گری، وہ 17 رنز بناسکے۔

ولیمسن 9 رنز بناکرآؤٹ ہوئے جبکہ کپتان میک کولم 84 کے مجموعی اسکور پر 20 رنز بنا کر مچل مارش کو وکٹ دے بیٹھے، پانچویں آؤٹ ہونے والے بیٹسمین روس ٹیلر تھے جو 32 رنز بناسکے۔

آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ نے تین اور مچل مارش نے دووکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیں: ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے ساتھ نئی تاریخ رقم

اسے قبل آسٹریلیا نے پہلے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو ان کا اسکور دو وکٹوں پر 54 رنز تھا تاہم ایڈم ووگس13 رنز بنا کر 63 رنز کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے ان کے بعد مچل مارش اور شان مارش بھی 2 اور 4 رنز کا اضافہ کر چلتے بنے۔

کپتان اسمتھ اور پیٹر نیول نے اسکور کو 109 رنز تک پہنچایا تو اسمتھ بھی 53 رنز بنا کر مارک کریگ کا نشانہ بنے۔ سڈل صفر اور ہیزل ووڈ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے 8ویں اور 9 ویں کھلاڑی تھے ناتھن لیون 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مچل اسٹارک 24 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بریسویل نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور مارک کریگ نے دو دووکٹیں حاصل کیں۔

224 رنز کے باعث آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 22 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

آسٹریلیا نے سیریز کا پہلا میچ 208 رنز سے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا یوں آسٹریلیا کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے.

تبصرے (0) بند ہیں