پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پاک-انڈیا سیریز نہ ہونے کی صورت میں ’پلان بی‘ کے طور پر ٹی ٹوئنٹی پینٹینگولر کپ کروانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

پاکستانی حکومت نے سری لنکا میں ہندوستان کے ساتھ سیریز کی اجازت دے دی ہے تاہم انڈین حکومت کا موقف سامنے آنے میں تاخیر سے سیریز کے انعقاد پر ایک مرتبہ پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

اس سے قبل ہندوستان کے نہ کھیلنے کی صورت میں کسی دوسری بین الاقوامی ٹیم سے سیریز کے حوالے سے قیاس آرئیاں کی جارہی تھیں تاہم پی سی بی کا ماننا ہے کہ اتنے کم وقت میں کسی دوسری ٹیم کو دعوت دیکر سیریز کا انعقاد ممکن نہیں۔

سینیئر پی سی بی آفیشل نے ای ایس پی این کرک انفو کو بتایا کہ ’ہم فکر مند ہیں اور کم وقت ہونے کی وجہ سے ہمارے پاس کوئی بیک اپ پلان ہونا چاہیے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم بی سی سی آئی کی جانب سے کسی جواب کی امید رواں ہفتے کررہے ہیں لیکن ہندوستان سے جو خبریں آرہی ہیں وہ انتہائی حوصلہ شکن ہیں اس لیے اگر انڈین بورڈ اپنے معاہدے سے انحراف کرتا ہے تو ہم آئندہ ماہ پانچ ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کروانے پر غور کررہے ہیں۔‘

ٹورنامنٹ میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور فاٹا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

اس کے علاوہ پی سی بی آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کروانے کا بھی ارادہ رکھتا ہے جس میں 75 ٹاپ کھلاڑی پانچ ٹیموں میں تقسیم کیے جائیں گے۔

ایف ٹی پی کے مطابق ہندوستان کو دسمبر میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنا ہے۔

دونوں ممالک کے بورڈ سربراہان کی حالیہ ملاقات کے دوران سری لنکا اس سیریز کے وینیو کے طور پر سامنے آیا تھا تاہم انڈین حکومت کے سست ردعمل نے اس سیریز کے انعقاد کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر شکوک و شبہات پیدا کردیے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

salman Nov 29, 2015 11:08pm
Dawn news is best
Imran Nov 30, 2015 04:47pm
Let India go to Hell. Lets play among ourselves :)