نیوزی لینڈ نے آئی سی سی سے جواب طلب کر لیا

اپ ڈیٹ 30 نومبر 2015
نیوزی لینڈ کی ٹیم امپائر کے فیصلے پر حیران رہ گئی تھی۔ فوٹو اے ایف پی
نیوزی لینڈ کی ٹیم امپائر کے فیصلے پر حیران رہ گئی تھی۔ فوٹو اے ایف پی

ایڈیلیڈ: نیوزی لینڈ نے تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں نازک موڑ پر ڈی آر ایس پر آسٹریلین بلے باز ناتھن لایون کو متنازع انداز میں ناٹ آؤٹ قرار دیے جانے پر آئی سی سی سے جواب طلب کر لیا ہے۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کی پہلی اننگ 202 رنز کے جواب میں آسٹریلیا پہلی اننگ میں 118 رنز پر آٹھ وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی۔

اس موقع پر کیوی کھلاڑیوں نے آسٹریلین ٹیل اینڈر ناتھن لایون کے خلاف کیچ کی اپیل کی اور امپائر کی جانب سے اپیل مسترد کیے جانے پر نیوزی لینڈ نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا۔

ریویو میں ہاٹ اسپاٹ سے صاف ظاہر تھا کہ گیند بلے کو چھو کر گزری ہے جبکہ اس منظر کو دیکھ کر لایون نے بھی پویلین کی جانب چلنا شروع کردیا تھا تاہم گرآنڈ میں موجود تمام ہی لوگوں خصوصاً نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اس وقت شدید حیرت ہوئی جب لایون کو تھرڈ امپائر نیجل ایل لونگ نے ناٹ آؤٹ قرار دیا۔

اس کے بعد اس وکٹ نے 74 رنز کی ریکارڈ اور فیصلہ کن شراکت قائم کی جس نے میچ کا پانسہ آسٹریلیا کے حق میں پلٹ دیا اور میچ کے تیسرے دن میزبان ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹ سے فتح اپنے نام کر لی۔

اس واقعے پر شدید برہم نیوزی لینڈ کے کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ہم نے اس فیصلے پر آئی سی سی سے رابطہ کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کافی باتیں ہو رہی ہیں اور ہم نے آئی سی سی سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی قابل قبول جواب کے منتظر ہیں۔

کیویز نے میچ ریفری روشن ماہنامہ سے رابطہ کر لیا ہے لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں کہ انہوں نے آئی سی سی کیا مطالبہ کیا ہے۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ ٹیکنالوجی میں کسی قسم کا مسئلہ تھا لیکن اس فیصلے کا میچ کے نتیجے پر اثر پڑا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai of Shewa Khyber Pakhtunkhwa Pakistan Nov 30, 2015 11:37pm
ٹیکنالوجی میں میں کوئی مسئلہ نہیں تھا کا صاف مطلب ھے کہ تھرڈ امپائر غلط تھا اب اسکا انتظار رہیگا کہ ائی سی سی کیا کاروائی کرتی ھے کیسے کرتی ھے میچ کے نتیجے پر اثر رہیگا یا نہیں انظمام الحق کی کپتانی کے ووٹ انگلینڈ کے مقابلے میں میچ کے دوران امپائر اور پاکستانی کھلاڑیوں کے بال کے معاملے پر تنازعہ شروع ھوا تھا پاکستان نے کھیلنے سے انکار کردیا تھا امپائر نے میچ میں انگلینڈ کو فاتح قرار دے دیا تھا بعد میں ائی سی سی نے میچ بے نتیجہ کرایا اسکے بعد انگلینڈ کی اپیل پر میچ ایک مرتبہ پھر انگلینڈ کے جیت میں بدل دیا گیا تھا جو اب ریکارڈ کا حصہ بن چکا ھے پاکستان والا واقعہ نیوزی لینڈ کے مسئلہ سے قطعی مختلف تھا کیونکہ دونوں کی نوعیت الگ ھے صرف ایک قدر مشترک ھے کہ معاملہ امپائر کے ساتھ ھے لیکن اس دفعہ نیوزی لینڈ آسٹریلیا کا درمیان میچ تھا اسلئے زیادہ دلچسپی ھے گوکہ آسٹریلیا کا اس فیصلے سے کوئی تعلق نہیں تھا یہ امپائر اور نیوزی لینڈ ٹیم کا مسئلہ ھے جیسا کہ پاکستان کے واقعے میں تھا