اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے اکثریت حاصل کرلی، جبکہ پی ٹی آئی دوسرے نمبر پر ہے تاہم 2 یونین کونسلز کے نتائج متنازع ہونے کے باعث روک دیئے گئے۔

اسلام آباد کی تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی 50 یونین کونسلز میں سے 21 پر (ن) لیگ کے اُمیدواروں نے کامیابی حاصل کی.

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں ہونے والی بلدیاتی انتخابات میں 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ 13 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے.

ذرائع کے مطابق متنازع ہونے کے باعث 2 یونین کونسلز کے نتائج کو روک دیا گیا، جہاں دوبارہ گنتی کروائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں پہلے بلدیاتی انتخابات ختم

ادھر مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں (ن) لیگ کو فیصلہ کن برتری ملی ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 6 لاکھ 76 ہزار سے زائد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے آئندہ 4 سال کے لیے بلدیاتی نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے۔

پولنگ صبح 7 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ دیہی اور شہری علاقوں کو ملا کر 50 یونین کونسلوں میں 2 ہزار 407 امیدواروں میں سے 650 نمائندوں کا انتخاب کیا گیا.

ان نشستوں میں 50 چیئرمین، 50 ڈپٹی چیئرمین، 300 کونسلرز، خواتین کی 100، مزدوروں کی 50، نوجوانوں کی 50 اور اقلیتوں کی 50 نشستیں شامل ہیں۔

اسلام آباد کی ہر یو سی کے 13 امیدواروں کے انتخاب کے لیے ہر ووٹر نے 6 ووٹ ڈالے۔

شہر کی 650 نشستوں پر سب سے زیادہ امیدواروں (506) کو حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے ٹکٹ جاری کیے۔

دوسرے نمبر پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 479 امیدوار کھڑے کیے۔ جماعت اسلامی نے 164 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 81 امیدوار میدان میں اتارے.

دیگر جماعتوں کے 205 امیدواروں نے بھی الیکشن لڑا جبکہ آزاد امیدواروں کی تعداد 972 تھی.

سیکیورٹی انتظامات

انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے فوج اور رینجرز کے ایک ہزار 300 جوانوں کے علاوہ آزاد کشمیر پولیس کے ایک ہزار اور اسلام آباد پولیس کے 5 ہزار اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔

خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر ایک ہزار خواتین سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات تھیں۔

پولیس کی جانب سے سیکورٹی فورسز کو 4 ہزار خصوصی سمز بھی فراہم کی گئیں جن کے ذریعے فورسز کے افسران رابطے میں رہے۔

آدھے دن کی چھٹی

بلدیاتی انتخابات کے باعث وفاقی دارالحکومت کے تمام سرکاری دفاتر میں آدھی چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا.

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai of Shewa Khyber Pakhtunkhwa Pakistan Dec 01, 2015 11:40pm
پاکستان کی تاریح میں پہلی مرتبہ دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن ھوئے جو ایک مثبت قدم ھے اب دیکھنا یہ ھوگا کہ CDA کی جگہ عوامی نمائندے کیسے اسلام اباد کو چلائینگے میئر کس جماعت کا ھوگا لیکن ان انتخابات کے نتائج نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ 2013 کے الیکشن درست تھے دھاندلی والا معاملہ مکمل غلط تھا جو رجحان 2013 میں تھا کم بیش اج بھی وہی ھے البتہ پی ٹی ائی کی مقبولیت میں کمی ائی ھے ساتھ ہی ازاد امیدواروں کا جیتنا سیاسی جماعتوں کیلئے لمحہ فکریہ ھے