آئی سی سی نے ناگپور پچ کو 'خراب' قرار دے دیا

01 دسمبر 2015
ناگپور ٹیسٹ کے تین دنوں میں 40 وکٹیں گریں اور 32 وکٹیں اسپنروں کے حصے میں آئیں۔ فوٹو: اے پی
ناگپور ٹیسٹ کے تین دنوں میں 40 وکٹیں گریں اور 32 وکٹیں اسپنروں کے حصے میں آئیں۔ فوٹو: اے پی

دبئی: آئی سی سی نے ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ میچ کے لیے بنائی گئی ناگپور اسٹیڈیم کی پچ کو "خراب" قرار دے دیا۔

ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ ناگپور میں کھیلا گیا تھا جہاں میچ تیسرے دن ہی اختتام کو پہنچا تھا جبکہ بلے بازوں کے لیے پہلے ہی دن سوئنگ اور اسپین اس قدر خطرناک تھی کہ انھیں سنبھلنے کا موقع بھی نہیں مل پایا۔

میچ ریفری جیف کرو کی رپورٹ میں پچ کے حوالے سے میچ انتظامیہ کے تحفظات بھی شامل کئے گئے ہیں جو آئی سی سی میں جمع کرادی گئی ہے جبکہ ہندوستانی کرکٹ بورڑ(بی سی سی آئی) کو بھی مطلع کیا گیا ہے اور 14 دن کے اندر اس کا جواب مانگا گیا ہے۔

آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ جیف ایلرڈس اور چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے ناگپور پچ کے تمام ثبوتوں کا ویڈیو کے ذریعے جائزہ لیں گے، اس سے قبل کہ یہ فیصلہ کیا جائے کہ ناگپور پچ واقعی خراب تھی یا نہیں، اگر تھی تو کیا جرمانہ ہونا چاہیے۔

ناگپورٹیسٹ میں گرنے والی 40 میں سے 32 وکٹیں اسپنروں نے حاصل کی تھیں، جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں محض 12 رنز پر 5 وکٹوں سے محروم ہوگئی تھی اور 79 رنز پر پوری ٹیم پویلین سدھار گئی، پورے ٹیسٹ میچ میں کوئی ایک بلے باز بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوا جو ہندوستان میں تاریخ میں پہلی دفعہ ہوا۔

اسپنروں کے لیے ساز گار پچ بنانے پر ہر طرف سے تنقید کی گئی تھی لیکن میزبان ہندوستان یہ کہتے ہوئے بضد تھا کہ یہ کنڈیشنز ہیں جس کی ہندوستان میں توقع کی جانی چاہیے۔

ہندوستان کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ یہ بلے بازوں پر تھا کہ اس پر کس طرح کھیلتے ہیں جبکہ انڈین ٹیم کے ڈائریکٹر روی شاستری نے کہا کہ "ان پچوں میں کوئی برائی نہیں تھی"۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان ہاشم آملہ نے ناگپور پچ کو ان کے 11 سالہ کیرئر کی مشکل ترین پچ قرار دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں