پٹرولیم جیلی کے 18 حیرت انگیز کمالات

اپ ڈیٹ 06 جون 2017
—کریٹیو کامنز فوٹو
—کریٹیو کامنز فوٹو

پٹرولیم جیلی ایسی چیز ہے جو اکثر گھروں میں موجود ہوتی ہے مگر اس کا استعمال مخصوص مقاصد کے لیے ہی ہوتا ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ ایک ایسی چیز ہے جو داغ دھبوں کو مٹانے، قیمتی اشیاءکے تحفظ، خوبصورتی اور دیگر متعدد مقاصد کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے؟

یقین کرنا ہوسکتا ہے مشکل ہو مگر درج ذیل میں ایسے طریقے دیئے جارہے ہیں جو اس کی افادیت کو ثابت کردیں گے۔

لپ اسٹک کے داغ مٹائے

لپ اسٹک اگر بچوں کے ہاتھ لگ جائے تو وہ اس سے ہر چیز کو رنگ دیتے ہیں جن کو مٹانا کسی درد سر سے کم ثابت نہیں ہوتا۔ تو ایسا ہونے کی صورت میں اس چیز یا جگہ کو دھونے کی بجائے اس پر پٹرولیم جیلی لگادیں اور پھر دھلائی کرلیں، امید ہے وہ داغ غائب ہوجائے گا۔

لکڑی میں پھنس جانے والی چیونگم کو نکالنا

کبھی آپ کے سامنے گھر کی میز، کرسی یا بستر کے نیچے چیونگم پھنسی ہوئی ملی جس کو نکالنے کی کوششوں کے باوجود نشان ختم نہیں ہوسکا؟ تو اگر آئندہ اس مشکل کا سامنا ہو تو چیونگم والی جگہ پر کچھ مقدار میں پٹرولیم جیلی لگا کر اس وقت تک رگڑیں جب تک چیونگم الگ نہیں ہونا شروع کردیتی، پھر اسے نکال لیں۔

لکڑی پر سے پانی کے داغ صاف کریں

کسی دعوت کے بعد لکڑی کے فرنیچر پر پانی کے گلاس سے بننے والے گول داغ برقرار رہ جاتے ہیں، انہیں ختم کرنے کے لیے ان پر پٹرولیم جیلی رات بھر کے لیے لگا کر چھوڑ دیں اور پھر صبح صاف کرلیں۔

چمڑے کے جوتوں کو چمکائیں

اگر آپ کے پاس بہترین چمڑے یا لیدر کے جوتے ہیں اور ان کی چمک دمک طویل عرصے تک برقرار رکھنا چاہتے ہیں انہیں پٹرولیم جیلی کے ساتھ پولش کریں۔

لیدر جیکٹس کو ایک بار پھر نیا بنائیں

آپ کو اپنی پسندیدہ لیدر کی جیکٹ کی حفاظت کے لیے مہنگی مصنوعات کی ضرورت نہیں بلکہ پٹرولیم جیلی یہ کام بخوبی کرسکتی ہے۔ پٹرولیم جیلی کو جیکٹ پر رگڑیں اور پھر اسے صاف کرلیں، جیکٹ نئی جیسی چمکنے لگے گی۔

گاڑی کی بیٹری کے لیے بہترین

سرد موسم میں گاڑی کی بیٹری ہمیشہ مرنے لگتی ہے، کم درجہ حرارت بجلی کی مزاحمت بڑھاتا ہے اور انجن آئل کو گاڑھا کردیتا ہے جس سے بیٹری کے لیے کام کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ بیٹری ٹرمینل کے گلنے سے بھی بجلی کی مزاحمت میں اضافہ ہوتا ہے ۔ تاہم سردیوں کی آمد سے قبل ٹرمینلز کو ڈس کنکٹ کریں اور پھر انہیں ایک وائر برش سے صاف کریں۔ انہیں دوبارہ کنکٹ کرکے ان پر پٹرولیم جیلی کی تہہ لگادیں۔ یہ جیلی انہیں گلنے سے بچا کر سردیوں میں بیٹری کے مسائل سے تحفظ میں مدد دے گی۔

گھر میں رنگ کے دوران دروازوں کی نابوں کا تحفظ

اگر گھر میں رنگ ہورہا ہے مگر آپ اپنے دھاتی ناب یا کسی بھی چیز کو اس سے بچانا چاہتے ہو تو، میٹل پر پٹرولیم جیلی کی مالش کردیں اس سے اس پر رنگ جم نہیں سکے گا۔ جب رنگ ہوجائے تو جیلی کو دھولیں اور دھاتی چیزوں پر لگنے والا رنگ بھی غائب ہوجائے گا۔

بوتل کے ڈھکن کھولنا آسان بنائے

اگر کسی بوتل کا ڈھکن کھولنا مشکل ثابت ہو تو اس کا ڈھکن کھول کر ہلکی سی پٹرولیم جیلی بوتل کے اوپری گھیرے پر مل دیں، اگلی بار آپ کو کھولنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

بلب کو ہولڈر میں پھنسنے سے بچائے

اگر آپ بلب کو لگانے سے پہلے اس کی بیس یا بنیاد پر پٹرولیم جیلی مل دیں تو وہ ساکٹ میں کبھی پھنسے گا نہیں یا اسے بعد میں نکالنا مسئلہ نہیں بنے گا۔ یہ خاص طور پر باہر لگنے والے بلبوں کے لیے بہترین نسخہ ہے۔

کھڑکیوں اور الماریوں کے دروازے

اپنی الماری کے دروازے یا کھڑکی کھولنے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے ؟ تو ایک چھوٹے پینٹ برش کے ذریعے پٹرولیم جیلی کو کھڑکی یا الماری کے دروازوں کے چوکھٹے پر لگادیں اور بس کمال دیکھیں۔

دروازوں کی چڑچڑاہٹ پر قابو پائیں

اگر تو دروازے کی چڑچڑاہٹ آپ کی طبیعت پر ناگوار گزرتی ہے تو اسے خاموش کرانے کے لیے پٹرولیم جیلی کو دروازے کے قبضے پر لگاکر جادو دیکھیں۔

جلد کی نمی بحال کرے

اگر آپ مہنگے لپ بام، میک اپ ریموور یا فیشل موئسچرائزر پر پیسے ضائع نہیں کرنا چاہتے تو پٹرولیم جیلی بہترین متبادل ثابت ہوسکتی ہے۔ یہ ہونٹوں کی نمی بحال رکھتی ہے، فاﺅنڈیشن سمیت آئی شیڈو، مسکارا اور دیگر کو ہٹاتی ہے اور چہرے کی نمی تو بحال رکھنا تو اس کا کام ہے ہی۔

ایمرجنسی میک اپ

اگر تو آپ کے آئی شیڈو کا پسندیدہ رنگ ختم ہوجائے تو کیا کرنا چاہئے؟ اسے خود بنانا آسان ہے، فوڈ کلر کی کچھ مقدار کو پٹرولیم جیلی میں ملائیں اور آنکھوں پر استعمال کرلیں۔

پرفیوم کی زندگی بڑھائے

اکثر پرفیومز کی خوشبو کچھ دیر میں ختم ہوجاتی ہے، اگر ایسا مسئلہ پیش آئے تو کچھ مقدار میں پٹرولیم جیلی کو نبض پر لگائیں اور پھر اس پر پرفیوم کا اسپرے کریں بس پھر دیکھیں کہ خوشبو کتنی دیر تک برقرار رہتی ہے۔

انگلی میں پھنس جانے والی انگوٹھی کو نکالیں

اکثر لوگوں کے ہاتھوں میں انگوٹھیاں پھنس جاتی ہیں جنھیں نکالنا کافی تکلیف دہ عمل ثابت ہوتا ہے۔ اس کو آسان بنانے کے لیے کچھ مقدار میں پٹرولیم جیلی لگائین اور پھر آہستگی سے نکال لیں۔

کھردرے ہاتھوں کو نرم بنائیں

اگر آپ اپنے کھردرے ہاتھوں پر لوشن لگانے کے عادی ہیں مگر کوئی فائدہ نہیں ہورہا تو پھر اس ترکیب کو آزما کر دیکھیں۔ کچھ مقدار میں پٹرولیم جیلی کو اپنے ہاتھ پر سونے سے قبل مل لیں اور صبح پوری امید ہے کہ ہاتھ نرم اور ہموار ہوجائیں گے۔

ڈائیپر کی خراشوں کی روک تھام

ڈائیپر کی خراشوں کے باعث بچوں کو اکثر تکلیف ہوتی ہے اور وہ رونے لگتے ہیں، اس کی روک تھام کے لیے پٹرولیم جیلی کی حفاظتی تہہ ڈائیپر کے استعمال سے قبل جلد پر بنالیں جس کے بعد یہ تکلیف نہیں ہوگی۔

بچوں کی آنکھوں میں شیمپو جانے سے روکیں

بچے کے لیے مہنگے شیمپو کا خیال بھول جائیں اور کچھ مقدار میں پٹرولیم جیلی کو بچے کی بھنوﺅں لگا مل دیں۔ یہ ایک حفاظتی شیلڈ کی طرح شیمپو کو آنکھوں میں جانے سے روکنے کا کام کرے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (2) بند ہیں

lakhan kumar Jan 29, 2016 11:25am
yes very nice
sabir ali Feb 21, 2016 07:25pm
petrole jeli chihre pr lagana khatarnaak nahi hota??????