پاسپورٹ دکھانے پر پولیس اہلکار کو سزا

01 فروری 2016
ارجنٹینا کے فٹ بال اسٹار لیونل میسی—۔فائل فوٹو/ رائٹرز
ارجنٹینا کے فٹ بال اسٹار لیونل میسی—۔فائل فوٹو/ رائٹرز

دبئی: ارجنٹینا کے فٹ بال اسٹار لیونل میسی کے پاسپورٹ کی تصویر بذریعہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والے ایک پولیس اہلکار کو دبئی کی عدالت نے ایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیا.

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' نے گلف نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ پولیس اہلکار جس کی شناخت اس کے نام کے ابتدائی حرفوں 'جے جے' کے نام سے کی گئی نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اسے اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے سماجی رابطے کی ایپ اسنیپ چیٹ پر میسی کا پاسپورٹ پوسٹ نہیں کرنا چاہیے تھا.

مذکورہ واقعہ گذشتہ برس دسمبر میں اُس وقت پیش آیا جب میسی، گلوب ساکر ایوارڈز میں شرکت کے لیے ایئرپورٹ پر اترے، جہاں انھوں نے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتا تھا.

ایئرپورٹ پر امارات کا ایک پولیس اہلکار میسی کے ساتھ تصویر لینا چاہتا تھا، لیکن اسے یہ کہہ کر منع کردیا گیا کہ فٹ بال اسٹار ابھی تھکے ہوئے ہیں.

مذکورہ پولیس اہلکار کے مطابق جب وہ پاسپورٹ کنٹرول ڈیسک پر پہنچا تو وہاں اس نے میسی کا پاسپورٹ پڑا ہوا دیکھا، لہذا اس نے پاسپورٹ اٹھایا اور اسے پکڑ کر اپنی ایک ویڈیو بنائی اور بعدازاں اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا.

لیکن اہلکار کو یہ حرکت مہنگی پڑ گئی اور اب اسے جیل کی ہوا کھانی پڑے گی.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں