لندن: برطانیہ میں ایک شخص گھر میں آئی فون 5 کی وجہ سے لگنے والی آگ سے ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق، 53 سالہ مارک کروگر نے اپنا موبائل فون رات بھر چارجنگ پر لگاکر چھوڑ دیا تھا جس کے باعث موبائل نے آگ پکڑ لی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا گھر اس کی لپیٹ میں آ گیا۔

یہ واقعہ گزشتہ سال اگست میں برطانیہ کے علاقہ ریڈنگ میں پیش آیا تھا جبکہ ہلاک ہونے والا شخص کو برین ٹیومر تھا۔ ہلاک ہونے والے شخص کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔

کروگر کے جسم کے نصف حصے نے ٹیومر کے باعث کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور وہ اپنے بستر تک ہی محدود تھے۔

وہ اکثر اپنے آئی فون کے ذریعے بستر سے ہی آن لائن شاپنگ کرتے تھے۔

مارک کی میڈیکل رپورٹ میں شراب نوشی کے شواہد نہیں ملے تاہم ان کے جسم میں مورفین پائی گئی جس کی درخواست انہوں نے اپنی تکلیف کم کرنے کے لیے ڈاکٹروں سے کی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ چہرے اور سینے سمیت مارک کے جسم کا 64 فیصد حصہ جل چکا تھا۔

بعدازاں ایک لیبارٹری ٹیسٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ آگ آئی فون کے ذریعے ہی لگی۔

بشکریہ انڈیپینڈنٹ


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں