نئی دہلی: ہندوستانی فوج نے سیاچن گلیشئر پر برفانی تودے تلے دب کر لاپتہ ہونے والے 10 اہلکاروں کی تلاش کے لیے پاکستانی فوج کی مدد کی پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔

ہندوستانی فوج کے ذرائع کے مطابق پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) میجر جنرل عامر ریاض نے اپنے ہندوستانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں ہندوستانی فوجی اہلکاروں کی تلاش کے لیے مدد کی پیشکش کی۔

تاہم ہندوستان کے ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے ان کی یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ اہلکاروں کی تلاش کے لیے پہلے ہی ضروری اقدامات اٹھائے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب کئی گھنٹوں کے ریسکیو آپریشن کے بعد بھی ہندوستانی فوجی اہلکاروں کو تلاش نہیں کیا جاسکا، جس کے بعد ہندوستانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اب اہلکاروں کے زندہ ملنے کے امکانات معدوم ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان فوج کی سیاچن میں لاپتہ انڈین سپاہیوں کیلئے مدد کی پیشکش

واضح رہے کہ سیاچن گلیشئر پر ڈیوٹی انجام دینے ہندوستانی فوج کے 10 اہلکار دو روز قبل برفانی تودے دب کر لاپتہ ہوگئے تھے۔

ہندوستان فوج کے ترجمان کرنل ایس ڈی گوسوامی کا کہنا تھا کہ فوجی اہلکار 19 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع گلیشیئر کی جنوبی پوسٹ پر ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے برفانی تودے تلے دب کر لاپتہ ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں کی تلاش کے لیے فوج اور فضائیہ کی خصوصی ٹیموں نے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے فوجی اہلکاروں کی تلاش کے لیے ہندوستان کو مدد کی پیشکش کی گئی تھی۔

یہ خبر 5 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں