کراچی کنگز کی پی ایس ایل میں پہلی فتح

اپ ڈیٹ 05 فروری 2016
کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک تاس کا چھکا لگاتے ہوئے۔
کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک تاس کا چھکا لگاتے ہوئے۔

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے باؤلرز اور بلے بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت لاہور قلندرز کو باآسانی سات وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی فتح اپنے نام کر لی.

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس وقت درست ثابت ہوا جب کرس گیل صرف چھ رنز بنانے کے بعد پہلے ہی اوور میں شعیب ملک کو وکٹ دے بیٹھے.

قلندرز کے کپتان اظہر علی اور کیمرون ڈیل پورٹ نے اسکور کو 37 تک پہنچایا تاہم شکیب الحسن نے 18 رنز بنانے والے اظہر کی وکٹیں بکھیر دیں.

اسکور 56 تک پہنچا تو کیمرون وکٹوں کے درمیان دوڑ میں غلط فہمی کے نتیجے میں پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے، انہوں نے 17 رنز بنائے.

کراچی کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب لاہور کو رنز کے حصول میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور کوئی بھی بلے باز کھل کر بیٹنگ نہ کر سکا.

صہیب مقصود ایک بار پھر جدوجہد کرتے نظر آئے اور 27 گیندوں پر 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے.

اس موقع پر ڈیوین براوو اور محمد رضوان نے 37 رنز کی شراکت قائم کی لیکن محمد عامر نے باؤلنگ پر واپس آ کر اس شراکت کا خاتمہ کردیا.

محمد عامر نے ڈیوین براوو کو پویلین لوٹانے کے بعد اگلی ہی گیند پر زوہیب بنگش اور پھر کیون کوپر کو آؤٹ کر کے پاکستان سپر لیگ کی پہلی ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا.

سہیل تنویر نے اگلے اوور میں محمد رضوان کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو ایک اور اہم کامیابی دلائی، رضوان 37 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے.

لاہور کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنا سکی.

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے.

جواب میں کراچی کی اننگ کا آغاز بھی کچھ مختلف نہ تھا اور وہ صرف رنز پر دو وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی.

لاہور نے جلد ہی تیسری کامیابی کا موقع اس وقت گنوا دیا جب ضیاالحق کی گیند پر ڈیوین براوو ایک آسان کیچ لینے میں ناکام رہے.

لاہور کو یہ ڈراپ کیچ انتہائی مہنگا ثابت ہوا اور شکیب الحسن نے اگلے ہی اوور میں لگاتار دو چھکے لگا کر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کردیے.

لینڈل سمنز اور شکیب نے تیسری وکٹ کیلئے 109 رنز کی شراکت قائم کر کے لاہور کی ٹیم کے میچ میں واپسی کے تمام تر امکانات ختم کردیے.

دونوں کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری شراکت بنانے کا اعزاز حاصل کیا.

شکیب آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جو تین چھکوں سے مزین 51 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے.

تاہم یہ کامیابی بھی لاہور کو فتح دلانے میں کوئی کردار ادا نہ کرسکی اور لاہور قلندرز نے شعیب ملک کے چھکے کی بدولت 16ویں اوور میں سات وکٹ سے فتح اپنے نام کر لی.

سمنز 62 اور شعیب ملک 12 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے.

دن کا دوسرا میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں