چیف سیلیکٹر کا ٹیم میں تبدیلیوں کا عندیہ

05 فروری 2016
کپتان اور کوچ سے مشاورت کے بعد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا—فوٹو: اے ایف پی
کپتان اور کوچ سے مشاورت کے بعد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا—فوٹو: اے ایف پی

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے اختتام سے قبل ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم کا اعلان کیا جائے گا جبکہ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم کے انتخاب کے لیے کچھ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں اور حتمی ٹیم کے اعلان کے لیے کوچ اور کپتان سے مشاورت کی جائے گی جبکہ ایک دن کے بعد ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر لی جائے گی.

انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس وقت کم ہے اور ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کریں گے جو کھلاڑی ہماری نظر میں ہیں ان کی کارکردگی جانچ رہے ہیں۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم دوسری ٹیمیں بھی جیت کے لیے ہی کھیلتی ہیں۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اعلامیے کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اسکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ 8 فروری ہے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 8 مارچ سے 3 اپریل 2016 تک ہندوستان میں کھیلا جائے گا.

پاکستان اپنا پہلا میچ 15 مارچ کو ٹورنامنٹ کی کوالیفائر ٹیم سے کھیلے گا جبکہ دوسرا میچ ہندوستان سے 19 مارچ کو دھرم شالا میں ہوگا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

تبصرے (0) بند ہیں