پھانسی کامنظر پرفارم کرتے ہوئے اداکار کی موت

06 فروری 2016
اطالوی اداکار رافیل شوماکر — فوٹو بشکریہ/ فیس بک
اطالوی اداکار رافیل شوماکر — فوٹو بشکریہ/ فیس بک

تھیٹر پرفارمنس کے دوران کوما میں چلے جانے والے اطالوی اداکار رافیل شوماکر کو طبی طور پر مردہ قرار دے دیا گیا.

سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق رافیل کو اسٹیج پر پھانسی کا ایک منظر پرفارم کرنا تھا جسے غلط انداز میں پرفارم کرنے کے باعث وہ کوما میں چلے گئے اور بعدازاں انھیں طبی طور پر مردہ قرار دے دیا گیا۔

رافیل شوماکر اُس وقت حادثے کا شکار ہوئے ، جب وہ ایک تجرباتی تھیٹر میں پھانسی کا سین پرفارم کر رہے تھے، اس دوران سامعین میں بیٹھی ایک خاتون نے محسوس کیا کہ اداکار کے گردن پر بندھی رسی کافی تنگ ہے۔

اُس وقت اداکار کا چہرا ڈھکا ہوا تھا، لیکن مذکورہ لڑکی جو میڈیکل گریجویٹ تھی، نے رافیل کو لرزتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد فوری طور پر انہوں نے ایک اور شخص کی مدد سے اس رسی کو کھولا اور رافیل کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب تھیٹر ہدایت کار کا کہنا تھا کہ 'رافیل نے آخری وقت میں کسی کو بتائے بغیر اسکرپٹ تبدیل کردیا، پہلے اس منظر میں جعلی گولی ماری جانی تھی لیکن رافیل نے پھانسی کا سین اسکرپٹ میں ڈال دیا'.

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 27 سالہ اداکار کے اہلخانہ نے رافیل کی حادثاتی موت کے بعد ان کے جسمانی اعضاء عطیہ کرنے کا اعلان کردیا.

رپورٹس کے مطابق پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور اس بات کا تعین کیا جارہا ہے کہ پرفارم کرتے وقت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے یا نہیں.

اداکار کی موت کے سلسلے میں چار افراد زیرِ تفتیش ہیں.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں