کوئٹہ میں خود کش دھماکا، 10 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 09 فروری 2016
۔ — اے ایف پی فوٹو
۔ — اے ایف پی فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ضلع کچہری کے قریب ایک خود کش بم دھماکے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے4 اہلکاروں سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ 35 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں بھی 15 ایف سی اہلکار شامل ہیں.

ضلع کچہری کے قریب سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو بم دھماکا کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی.

ڈی آئی جی کوئٹہ سید امتیاز شاہ نے خود کش دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور نے خود کو ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکے سے اڑا لیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق انتہائی زوردار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اس کی شدت سے اردگرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

دھماکے کے بعد ریسکیو ادارے جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جبکہ شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا.

دھماکے کے بعد جائے وقوع پر موجود گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا—۔ڈان نیوز
دھماکے کے بعد جائے وقوع پر موجود گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا—۔ڈان نیوز

دھماکا شہر کے حساس اور اہم علاقے میں ہوا جہاں ضلع کچہری کے علاوہ سیشن کورٹس اور ڈپٹی کمشنر آفس سمیت متعدد اہم عمارات اور دفاتر واقع ہیں.

ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی

بلوچستان کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس محبوب احسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور ایسے حملے انہی کارروائیوں کا رد عمل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فورسز پاک -چین اقتصادی راہ داری کو محفوظ بنا رہی ہیں لیکن انہیں خراب کرنے والی قوتیں بھی یہاں کام کر رہی ہیں۔

آئی جی پولیس کا دعویٰ تھا کہ یہاں غیر ملکی ایجنسیاں بھی حالات خراب کرنے میں ملوث ہیں۔

وزیراعظم کی مذمت

وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ دھماکے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

نوٹ: اس خبر میں ابتدائی طور پر غلطی سے ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیم کا نام پاکستان تحریک طالبان خراسانی گروپ لکھا گیا تھا جسے درست کرکے پاکستان تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کر دیا گیا ہے. ادارہ اس غلطی پر معذرت خواہ ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

تبصرے (1) بند ہیں

Haider Shah Feb 07, 2016 08:10am
Heart bleeding news, 9 x Innocent People’s life has taken away from someone father, brothers , son, daughter, husband. NAP should be widen across Pakistan to punish foreign Terrorist breeding sleeping cell on such barbaric and cowardly act against Pakistani. We had enough, right time commander in chief to take over driving seat.