آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ سے سیریز برابر کردی

06 فروری 2016
مچل مارش 69 اور ہیسٹنگز نے ناقابل شکست 48 رنز بنا کر آسٹریلیا کو جیت دلادی—فوٹو: اے ایف پی
مچل مارش 69 اور ہیسٹنگز نے ناقابل شکست 48 رنز بنا کر آسٹریلیا کو جیت دلادی—فوٹو: اے ایف پی

ویلنگٹن: آسٹریلیا نے بلے بازوں کی ذمہ دارانہ کارکردگی کے باعث نیوزی لینڈ کو 3 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان مک کولم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم آسٹریلیا کے بلے بازوں نے میچ اپنے نام کرکے ان کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا۔

گپٹل اور برینڈن مک کولم نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 35 رنز بنائے تاہم کپتان مک کولم 28 رنز بنانے کے بعد بولاند کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

گپٹل اور ولیم سن نے دوسری وکٹ میں نیوزی لینڈ کا اسکور 88 تک پہنچادیا جب گپٹل 31 رنز بنا کر مارش کا شکار بنے۔

کین ولیم سن 60 رنز بنا کر کیوی ٹیم کی جانب سے سرفہرست بلے باز رہے جبکہ مچل سینٹنر 45 رنز بنا کر دوسرے کامیاب ترین کھلاڑی تھے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ایڈم ملنے 36 اور گرانٹ ایلیٹ 32 رنز بناکر نمایاں رہے.

کیوی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3، اسکاٹ بولانڈ، اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ایڈم زیمپا اور مچل مارش نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے 283 رنز کا ہدف 47 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

مہمان ٹیم میں طویل عرصے بعد واپسی کرنے والے پاکستانی نژاد بلے باز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے بہترین 122 رنز کا آغاز فراہم کرکے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھ دی۔

عثمان خواجہ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ وارنر نے آسٹریلیا کا اسکور 191 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا اور نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔

وارنر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 98 رنز بنا کرسینٹینر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

مچل مارش اور جان ہیسٹنگز نے آسٹریلیا کو ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر جیت سے ہمکنار کیا۔ مارش 69 اور ہیسٹنگز 48 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سینٹنر نے 3 اور میٹ ہنری نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کے مچل مارش کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا پہلا میچ نیوزی لینڈ نے 159 رنز کے بھاری مارجن سے اپنے نام کیا تھا۔

تیسرا اور فیصلہ کن میچ 8 فروری کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں