یاسر شاہ پر صرف 3 ماہ کی پابندی

07 فروری 2016
— اے ایف پی فائل فوٹو
— اے ایف پی فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ممنوعہ ادویات استعمال کرنے پر پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ پر تین ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ 13 نومبرکو ہوا تھا جس میں یہ سامنے آئی ہے کہ یاسر شاہ نے کورثیلیڈون نامی ایک دوا کا استعال کیا جو کہ واڈا قوانین کے تحت ممنوع ہے۔

آئی سی سی نے یاسر شاہ کا غلطی سے ممنوعہ دوا استعمال کرنے کا موقف تسلیم کرتے ہوئے ان پر صرف تین ماہ کی پابندی عائد کی ہے۔

ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود یاسر شاہ مارچ 27 سے عالمی کرکٹ میں واپس آ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں 49 وکٹیں لے کر پاکستان کے سب سے کامیاب باؤلر رہے ہیں۔

یاسر شاہ نے اپنا ڈیبیو 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز میں کیا تھا اور پہلی سیریز میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا تھا۔

انہوں نے اپنی شاندار باؤلنگ کی بدولت ناصرف پابندی کا شکار سعید اجمل کی کمی پوری کی بلکہ پاکستان کی فتوحات میں بھی مرکزی کردار ادا کرتے رہے۔

اسی بنا پر عظیم لیگ اسپنر شین وارن ان کے بڑے مداح بن گئے اور انہوں نے متحدہ عرب امارات میں یاسر سے ملاقات کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں موجودہ دور کا بہترین لیگ اسپنر قرار دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں