دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے ساتویں میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے باؤلرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا ہے۔

پشاور زلمی کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کے پانچ کھلاڑی 59 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

تمیم اقبال 14، محمد حفیظ 10 ڈیوڈ میلان 18، اور کپتان شاہد آفریدی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

اس موقع پر آل راؤنڈ ڈیرن سیمی اور شاہد یوسف کے درمیان 57 رنز کی شراکت نے اننگز کو سہارا دیا۔

شاہد یوسف نے 21 جبکہ ڈیرن سیمی نے 48 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی اپنے مقررہ 20 اوورز میں 135 بنانے میں کامیاب رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے تین، عمر گل نے دو جبکہ انور علی اور ذوالفقار بابر ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز بہتر تھا جہاں اوپنرز احمد شہزاد اور لیوک رائٹ نے 35 رنز کی شراکت قائم کی۔

تاہم 35 ہی کے اسکور پر دونوں اوپنرز آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد کپتان سرفراز احمد اور کیون پیٹرسن کے درمیان 38 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم 73 کے مجموعی اسکور پر سرفراز شاہد آفریدی کا نشانہ بنے۔

بعد میں آنے والے بلے باز محمد نواز، اکبر الرحمان اور محمد نبی بھی خواطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور بالترتیب 4، 11 اور 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم دوسرے اینڈ پر پیٹرسن نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

تاہم 118 کے مجموعی اسکور پر پیٹرسن جنید خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اس موقع پر انور علی اور ایلٹن چگمبورا کریز پر موجود تھے جنہیں 12 گیندوں پر 17 رنز بنانے تھے جسے دونوں بلے باز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

چگمبورا 7 اور انور علی 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے آفریدی نے دو، وہاب ریاض نے دو جبکہ محمد اصٖغر، شین ٹیٹ اور جنید خان ایک، ایک کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

شاندار کارکردگی پر محمد نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ کوئٹہ گیلیڈی ایٹرز کی یہ لگاتار تیسری فتح تھی۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ، احمد شہزاد، محمد نبی، ایلٹن چگمبرا، اکبرالرحمان، محمد نواز، ذوالفقار بابر، انور علی اور عمر گل.

پشاور زلمی: شاہد آفریدی(کپتان)، تمیم اقبال، محمد حفیظ، کامران اکمل، ڈیوڈ ملان، شاہد یوسف، ڈیرن سیمی، وہاب ریاض، جنید خان، محمد اصغر اور شان ٹیٹ.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

shah Feb 08, 2016 02:05am
yeh team yeh tropy jeet jayge its the best team in this tournament..