خار: وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی کے علاقائی ہیڈکوارٹر خار کے رہائشیوں نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آئندہ شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا.

یہ فیصلہ مختلف طبقہ فکر کے افراد کے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں، تاجر رہنماؤں اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی.

شرکاء نے گذشتہ چند ماہ سے ایجنسی میں بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ پر تحفظات کا اظہار کیا، جس نے لوگوں کو احتجاج کے لیے باہر نکلنے پر مجبور کیا.

ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے متعدد وفد لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے مقامی انتظامیہ اور ٹیسکو سے مختلف مواقعوں پر ملاقات کرچکے ہیں، لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، بلکہ انتظامیہ سے ملنے کے بعد لوڈ شیڈنگ میں مزید اضافہ ہو گیا.

انھوں نے دعویٰ کیا کہ رہائشیوں کو 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ برداشت کرنی پڑ رہی ہے جبکہ وولٹیج کم ہونے سے انھیں ٹیوب ویل چلانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے.

اجلاس کے شرکاء نے فیصلہ کیا کہ جب تک علاقے سے لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوتی، خار کے رہائشی آئندہ دنوں میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کا بائیکاٹ کریں گے اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلوائیں گے.

یہ خبر 8 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں