نئی دہلی: ہندوستانی ایئر فورس کے پائلٹس میں لمبے عرصے تک چاک و چوبند رہنے اور جنگی مشقوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے ’ادویات‘ کا استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ’موڈافنل‘ اور ’زولپیڈم‘ نامی ادویات، ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹس میں عرفیت کے طور پر بالترتیب ’گو‘ اور ’نو گو‘ کہلاتی ہیں. پہلی دوا جوش بڑھانے اور لمبے عرصے تک چاک و چوبند رہنے جب کہ دوسری پھر سکون حاصل کرنے اور اچھی نیند کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

یہ ادویات ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹس خاص طور پر فوجی مشق ’ایکسرسائز لائیووائر‘ کے لیے استعمال کرتے ہیں، جو ہندوستانی فضائیہ کی 54 ایئربیسز پر ہر سال 31 اکتوبر سے 8 نومبر تک منعقد کی جاتی ہیں۔

ہندوستانی فضائیہ کے سینئر افسر کا کہنا تھا کہ یہ مشقیں زیادہ دنوں تک جاری رہتی ہیں، اس لیے اس میں زیادہ جوش اور چاک و چوبند رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر انتہائی دباؤ والے وقت میں نیند کی کمی اور تھکاوٹ کا مسئلہ آڑے آجائے تو وقت گزارنا بہت مشکل ہوجاتا ہے، جبکہ اس سے فیصلہ کرنے کی قوت بھی متاثر ہوتی ہے۔

’گو‘ کے استعمال سے جسم میں ’ایڈرانالن‘ نامی مادہ خارج ہوتا ہے جو پائلٹس کے جوش و ولولے کو بڑھاتا ہے، جبکہ ’نو گو‘ اس کے اثرات کو زائل کرنے اور جسم کو اگلے مشن سے قبل سکون پہنچانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ پائلٹس کی جانب سے ان ڈرگز کا استعمال تشویشناک بات ہے، لیکن ہندوستانی فضائیہ میں اس ادویات کے استعمال کو ضروری مانا جاتا ہے۔

ہندوستانی فضائیہ کے ایک سینئر افسر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پائلٹس گو/ نو گو ادویات کا استعمال ہر موقع پر باقاعدہ معالج کے مشورے سے کرتے ہیں، اور اس دوران تمام حفاظتی اقدامات کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ادویات کے مضر اثرات نہ ہونے کے برابر ہیں اور اس حوالے سے تشویش کی کوئی بات نہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Murad Quasim Feb 08, 2016 05:21pm
This is called by hook or by crook. Think this is common practice in several armies of the 'civilised' world; they use the performance enhancing drugs for fighter pilots for example for better chances of hitting the target. After all - the the associated cost of the operation are too high to afford a failure.