’ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی کیلئے7 بار انڈیا آیا‘

اپ ڈیٹ 09 فروری 2016
ڈیوڈ ہیڈلے کا امریکی عدالت میں پیشی کے دوران ایک خاکہ۔ — اے پی
ڈیوڈ ہیڈلے کا امریکی عدالت میں پیشی کے دوران ایک خاکہ۔ — اے پی

نئی دہلی: ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث پاکستانی- امریکی ڈیوڈ کولمن ہیڈلے نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ممکنہ اہداف کا تعین کرنے کیلئے سات مرتبہ انڈیا کا دورہ کیا۔

ہیڈلے نے ممبئی کی ایک عدالت میں 2008 میں ہونے والے حملوں کی منصوبہ بندی میں اپنے کردار کی تفصیلات بتائیں۔

یاد رہے کہ ممبئی میں دس دہشت گردوں پر مشتمل گروپ نے بیک وقت مختلف مقامات پر تین دن تک جاری رہنے والے جان لیوا حملوں میں 160 سے زائد افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

ہیڈلے نے ایک مرتبہ پھر اپنا بیان دہرایا کہ پاکستان کی مرکزی خفیہ ایجنسی مبینہ طور پر حملے کی منصوبہ بندی اور اس کے عمل درآمد میں ملوث تھی۔

پیر کو پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی عدالتی کارروائی کے بعد وکیل استغاثہ اجوال نکم نے ہیڈلے کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے لشکر طیبہ میں اپنے ہینڈلرز کو ممبئی کے بڑے ہوٹلوں، ایک یہودی سینٹر، شہر کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کی ویڈیوز اور نقشے دیے تھے۔

نکم کے مطابق، ہیڈلے نے بتایا کہ لشکر طیبہ نے دو مرتبہ پہلے بھی انڈیا میں حملے کرنے کی ناکام کوشش کی، تاہم، نومبر 2008 میں تیسری مرتبہ انہیں اپنے مقاصد میں کامیابی حاصل ہوئی۔

نکم نے ہیڈلے کے حوالے سے مزید بتایا کہ ایک کوشش کے دوران دہشت گردوں کی کشتی پتھروں سے ٹکرا کر الٹنے سے سارے ہتھیار سمندر میں ڈوب گئے تھے۔

ہیڈلے نے بتایا کہ انہوں نے 2002 میں لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد مبینہ طور پر پاکستان میں کئی سال تک ہتھیاروں کے استعمال اور بم بنانے کی تربیت حاصل کی۔

ہیڈلے کے والد پاکستانی جبکہ والدہ امریکی تھی۔ ہیڈلے کے مطابق، ان کا اصل نام داؤد گیلانی تھا لیکن 2006 میں انڈیا جانے کیلئے انہوں نے اپنا نام ڈیوڈ ہیڈلے رکھ لیا۔

نکم نے بتایا کہ ہیڈلے نے بار بار انڈیا جانے کیلئے اپنا امریکی پاسپورٹ استعمال کیا اور وہاں سے حاصل ہونے والی معلومات لشکر طیبہ کے ساتھ شیئر کی۔

ہیڈلے نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی مبینہ طور پر حملے میں ملوث تھی۔ تاہم، پاکستان بار ہا آئی ایس آئی کے لشکر طیبہ اور ممبئی حملوں سے کسی تعلق کی تردید کر چکا ہے۔

مبئی حملوں میں اپنے کردار پر 35 سال قید کی سزا پانے والے ہیڈلے نے امریکا کے ایک نامعلوم مقام سے بذریعہ وڈیو کانفرنس ممبئی میں عدالتی کارروائی میں حصہ لیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں