’ آپریشن مشکل ترین مرحلے میں داخل‘

09 فروری 2016
خصوصی اپیکس کمیٹی کا اجلاس۔ — فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر
خصوصی اپیکس کمیٹی کا اجلاس۔ — فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر

پشاور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں سے دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد اب ہم مقامی لوگوں کو دوبارہ آباد کرنے کے آپریشن کے سب سے مشکل مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت خیبر پختونخوا اور فاٹا کی خصوصی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں قبائلی علاقوں میں جاری فوجی آپریشنز، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور عارضی طور پر بے گھر افراد (ٹی ڈی پیز) کی دوبارہ واپسی کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا، صوبائی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، کور کمانڈر پشاور اور خیبر پختونخوا اور فاٹا کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

آرمی چیف نے خیبر پختونخوا اور فاٹا کے عوام کو دہشت گردوں کے خلاف ساتھ دینے اور ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے اور فاٹا کے عوام نے غیر متزلزل عزم و ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کے خاتمے کے بعد اب ہم متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو، بے گھر افراد کی دوبارہ واپسی اور نظام حکومت قائم کرنے کے آپریشن کے سب سے مشکل مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

اس موقع پر آرمی چیف نے ٹی ڈی پیز کی ان کے متعلقہ علاقوں میں بروقت واپسی کو یقینی بنانے اور فاٹا میں تعمیر نو اور بحالی سے متعلق قبائلی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے دہشت گردی سے شدید متاثرہ قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن کے نتیجے میں ڈھائی لاکھ سے زائد خاندانوں نے نقل مکانی کرکے شہری علاقوں میں عارضی پناہ حاصل کی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں