جرمنی: ٹرینوں میں تصادم سے 9 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 09 فروری 2016
دونوں ٹرینیں ایک نجی کمپنی کی ملکیت  ہیں — فوٹو: رائٹرز
دونوں ٹرینیں ایک نجی کمپنی کی ملکیت ہیں — فوٹو: رائٹرز

برلن : جرمنی میں 2 ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈوئچے ویلے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی ریاست بواریا کے قصبے باد ایبلنگ میں دونوں ٹرینوں میں تصادم ہوا۔

بعض زخمیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا — فوٹو : اے پی
بعض زخمیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا — فوٹو : اے پی

پولیس اور ریسکیو حکام کی جانب سے 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔

پولیس ترجمان مارٹن ونکلر کا کہنا تھا کہ حادثے میں متعدد افراد ہلاک اور 100 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 15 کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

شدید زخمیوں کو 8 ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا.

ٹرین کا تصادم دریا کے کنارے ہوا تھا اس لیے کشتیوں کے ذریعے بھی زخمیوں کو منتقل کیا گیا۔

حادثے کے بعد زخمیوں کو کشتیوں کے ذریعے بھی ہسپتال منتقل کیا گیا — فوٹو : رائٹرز
حادثے کے بعد زخمیوں کو کشتیوں کے ذریعے بھی ہسپتال منتقل کیا گیا — فوٹو : رائٹرز

دونوں ٹرینوں میں تصادم کا واقعہ ریاستی دارالحکومت میونخ سے 60 کلومیٹر دور پیش آیا، جس کے بعد ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، دونوں ٹرینیں ایک ہی ٹریک پر مخالف سمت سے آرہی تھیں.

تصادم کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی، تاہم حکام نے اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ اس علاقے میں کافی سال بعد ہونے والا بڑا حادثہ ہے اس لیے تمام اداروں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی.

جن ٹرینوں میں تصادم ہوا یہ دونوں ایک نجی کمپنی میریڈیان کی ملکیت ہیں، تاہم ٹریک کی دیکھ بھال اور اس پر سروس جاری رکھنا نجی کمپنی کی ذمہ داری نہیں تھی.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں