کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

منگل کو کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کمیٹی کے سربراہ سہیل بلوچ نے اعلان کیا کہ ملازمین ملک بھر میں فضائی آپریشن بحال کردیں جبکہ اس میں رکاوٹ ڈالنے والوں پر نظر رکھی جائے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے فلائٹ سروس کی جزوی بحالی

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ اہم فیصلے پر پہنچ گئے ہیں اور ملازمین کو مایوس نہیں کریں گے۔

تاہم انہوں نے اس اہم فیصلے کی وضاحت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کے کچھ ذمہ دار حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کے لیے لاہور جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے ہڑتال: وزیراعظم کا مکمل تحقیقات کا حکم

پی آئی اے کے مستقبل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ادارے کو سپورٹ کیا جائے تو پی آئی اے ترقی کرسکتی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جمعے کو کمیٹی اور حکومت کے مذاکرات بلانتیجہ ختم ہو گئے تھے۔

تاہم کیپٹن سہیل بلوچ نے اس وقت بھی حکومت کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کے اشارے دیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کے 'لاپتہ'ملازمین کی 6 دن بعد واپسی

ملازمین کے احتجاج کے باعث گزشتہ کئی روز سے قومی ایئرلائن کی فلائٹ سروس معطل تھی جس سے ادارے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

دو روز قبل پی آئی اے کی فلائٹ سروس جزوی طور پر بحال ہوئی تھی۔

پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کا کہنا تھا کہ آپریشن جزوی طور پر بحال ہوا ہے، بعض ملازمین کام پر دوبارہ آنا چاہتے ہیں۔

وفاقی حکومت کا موقف ہے کہ 350 ارب روپے کے خسارے میں چلنے والے ادارے کو اس کی موجودہ انتظامیہ مزید نہیں چلاسکتی۔

حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو جون 2016 تک پی آئی اے کی نجکاری کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai of Shewa Feb 10, 2016 12:46am
ہرتال ختم ھوگیا بغیر کسی کامیابی کے ہڑتال سے نہ حکومت کو کچھ ملا اور نہ پی ائی اے ملازمین کو نقصان ملک ھوگیا اور تکلیف عام لوگوں کو ملی حکومت نے ہڑتالیوِں اور ہڑتالیوں نے حکومت کے سامنے ہتھیار ڈالے لیکن یہ بات طے ھوچکی ھے کہ پی ائی اے پرائیویٹ ھوگی ملازمین کو ملازمت کی لولی پاپ سے دھوکہ کیا جارہا ھے
syed Feb 10, 2016 10:59am
Only professional management can handle it. PIA employees needs a reality check!