پی ایس ایل سے عالمی کارکردگی بہتر ہوگی، عمر

10 فروری 2016
عمر اکمل نے 6 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 93 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
عمر اکمل نے 6 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 93 رنز کی اننگز کھیلی—فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

دبئی: لاہور قلندرز کے بلے باز عمر اکمل نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنے سے انہیں بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں عمدہ کارکردگی دکھانے میں مدد ملے گی۔

پیر کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 40 گیندوں پر 93 اسکور کرنے والے عمر نے کہا 'پی ایس ایل ایک اچھا قدم ہے اور امید ہے کہ اس سے ہمیں بین الاقوامی کرکٹ میں بھی مدد ملے گی۔'

جب ان سے سنچری مکمل نہ کرنے کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہں نے کہا کہ 'میں اس وجہ سے بالکل افسردہ نہیں کیوں یہ ایک بڑی اننگ تھی اور اگر میں سنچری اسکور کرجاتا تو یہ پی ایس ایل کی پہلی سنچری ہوتی اور میرا نام صف اول کے بین الاقوامی کھلاڑیوں میں لیا جاتا۔'

عمر نے بتایا کہ ان کی ٹیم کس طرح کرس گیل کی انجری کے باوجود اچھا پرفارم کرسکی۔

'گیل ایک بڑا نام ہے لیکن ہم صرف ان ہی پر انحصار نہیں کررہے۔ ہم ایک ٹیم ہیں اور جب وہ نہیں تھے تو ہمیں دنیا کو بتانا تھا کہ ہم ان کے بغیر بھی جیت سکتے ہیں۔ یہ اچھی بات ہے کہ ہم ان کے بغیر بھی جیتے اور جب وہ واپس آجائیں گے تو دیگر ٹیموں کے لیے خطرہ مزید بڑھ جائے گا۔'

عمر کا مزید کہنا تھا کہ 'تمام کریڈٹ ٹیم مینجمنٹ کو جاتا ہے، دو لگاتار شکستوں کے باوجود وہ پرسکون تھے اور ہم پر اعتماد کررہے تھے۔ انہوں نے ہم سے کہا کہ ہم جیت سکتے ہیں اور اس یقین کو ہم نے میچ میں استعمال کیا۔ ہمارا ہدف پی ایس ایل میں کامیابی ہے۔'


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں