شارجہ میں بڑے اسکور کے میچز ہوں گے:سرفراز

اپ ڈیٹ 10 فروری 2016
سرفرازاحمد کی قیادت میں کوئٹہ کی ٹیم نے تین میچز جیتے ہیں—اے ایف پی
سرفرازاحمد کی قیادت میں کوئٹہ کی ٹیم نے تین میچز جیتے ہیں—اے ایف پی

دبئی: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفرازاحمد نے ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرز کے خلاف شکست کو ایک خراب دن سے تشبہہ دیتے ہوئے شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ"لاہور قلندرز کے خلاف شکست ہمیں جگانے کے لیے تھی"۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ میں پہلی شکست دی تھی جس میں انھیں 63 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا.

گلف نیوز کے مطابق سرفراز کا ماننا ہے کہ "شارجہ کی وکٹ مختلف اور بہتر ہے اور میرے خیال میں آنے والے میچوں میں بڑے اسکور ہوں گے، شارجہ بہتر اور چھوٹا گراؤنڈ ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد وہاں آتی ہے لیکن آپ کوچھکے میچ جیتنے کے لیے لگانے ہیں"۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان کا کہنا تھا کہ "ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے کے لیے سرفہرست چاربلے بازوں کو اسکورکرنا ہوتاہے لیکن ہمارے باؤلرز بھی ہمیں میچز جتواکے دے رہے ہیں تاہم انھیں ایک برے دن کا سامنا کرنا ہوتاہے جبکہ دباؤ بھی رہتاہے"۔

انھوں نے کہا کہ"کم اسکور بھی آسان نہیں ہوتا ہے لیکن اس دفعہ ہمیں 200 کے قریب ہدف کا سامنا تھا لیکن ہم اس کو حاصل نہیں کرپائے"۔

سرفرازاحمد نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اس سے سیکھیں گے اور میچ کے مطابق کھیلیں گے"۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں