اسلام آباد: ورلڈ بینک کے صدر جِم یونگ کِم کا کہنا ہے کہ پاکستان اقتصادی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگیا ہے۔

یہ بات انہوں نے وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے الگ الگ ملاقاتوں میں کہی۔

پہلی بار پاکستان کے دورے پر آنے والے جِم یونگ کِم نے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی ٹیم کی کوششوں سے پاکستان کے معاشی اشاریے مستحکم ہوئے ہیں اور حکومت کے پاس معیشت میں اصلاحات کرکے ملک میں غربت کم کرنے کا اچھا موقع ہے۔

وزیراعظم سے ملاقات میں ورلڈ بینک کے صدر نے اقتصادی اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور نواز شریف سے دو سال قبل واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات کو تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے گزشتہ تین سالوں میں ملکی معیشت کو مستحکم کیا ہے۔

ملاقات کے دوران ملک میں روزگار کے مواقعوں کے لیے نجی شعبے کے کردار کے فروغ، توانائی کے شعبے میں اصلاحات تیز کرنے، کمیونٹی کی سطح پر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری لانے اور انسداد غربت جیسے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت معیشت میں نجی شعبے کے کردار کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور تاجروں کو سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کررہی ہے، کیونکہ نجی شعبے کو مراعات دینے کا فائدہ پورے ملک کو پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی حکومتیں کاروبار کرنا شروع کردیں تو انھیں سبسڈی کی مد میں بڑا نقصان اٹھانا پڑتا ہے، حکومت معیشت میں بہتری کے لیے کوشاں ہے اور توانائی، ریل، روڈ انفراسٹرکچر، تعلیم و صحت کے بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ داسو ہائیڈرو پاور اور تربیلا توسیعی منصوبے میں عالمی بینک کا تعاون بہت مفید ہے اور ان منصوبوں سے ملک میں سستی بجلی دستیاب ہوگی۔

عالمی بینک کے صدر نے وزیراعظم کو مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

یہ خبر 10 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

avarah toofan Feb 10, 2016 11:16am
kiya baat hey merey yarki--- bhati lohari (Lahore) raja bazar rawalpindi (empress market ) karachi aabpara (islamabad) key visit key baad hi yeh kuch kaha ja sakta hey---- kiya khoob tajziya hey