راولپنڈی: گرلز کالج کے قریب فائرنگ سے افراتفری

10 فروری 2016
پاک فوج کے اہلکار کالج کی تلاشی لے رہے ہیں۔ — فوٹو: ڈان نیوز
پاک فوج کے اہلکار کالج کی تلاشی لے رہے ہیں۔ — فوٹو: ڈان نیوز

راولپنڈی: وقار النسا گرلز اسکول و کالج کے قریب پولیس اور چوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے سے کالج کی طالبات میں افراتفری پھیل گئی۔

ڈان نیوز نے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فخر سلطان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ دہشت گردی کا نہیں تھا، بلکہ پولیس کی گاڑی کار چوروں کا تعاقب کررہی تھی اسی دوران چوروں نے کالج کے قریب پولیس پر فائرنگ کی۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ کی آوازیں سن کر کالج انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی جبکی طالبات اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوع پر پہنچ کر معاملے کو کلیئر کرایا۔

فائرنگ کے باعث کالج میں افراتفری سے 6 طالبات خوفزدہ ہوکر بے ہوش بھی ہوئیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے کالج کی جامع تلاشی کے بعد اسے محفوظ قرار دیا۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی والدین بچوں کو اسکول لینے پہنچ گئے جبکہ علاقے کے دیگر اسکولوں میں بھی چھٹی دے دی گئی۔

پولیس کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ جن افراد نے فائرنگ کی تھی ان کو گرفتار کیا جا سکا یا وہ فرار ہو گئے.

واضح رہے کہ تعلیمی اداروں میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد طلبہ اور والدین میں کافی خوف پایا جاتا ہے، جبکہ ممکنہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر ملک بھر خصوصآ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

Hammad Feb 10, 2016 01:46pm
جھوٹ بولنے سےحقیقت چھپ نہیں سکتی۔ بم دھماکے اور پولیس مقابلے میں فرق جان کر جیو۔
حسن امتیاز Feb 10, 2016 06:30pm
کالج میں افراتفری سے 6 طالبات خوفزدہ ہوکر بے ہوش بھی ہوئیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ ہمارے معاشرے کی عمومی صورت حال ہے۔ ہمارے معاشرے میں خواتین کو بچین سے ہی سے خوف کی تربیت دی جاتی ہے ۔ہمیں ہر سطح پر اپنی خواتین کو مشکل حالات میں حوصلے بلند رکھنے کی تربیت دینے کی ضرورت ہے ۔ کیونکہ تم مجھے اچھی مائیں دو میں تمہیں اچھی قوم دو ں گا