پرینیتی کی اگلی فلم 'میری پیاری بِندو'

10 فروری 2016
بولی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا — پبلسٹی فوٹو
بولی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا — پبلسٹی فوٹو

بولی وڈ میں ایک لمبے عرصے سے کسی فلم میں نظر نہ آنے والی پرینیتی چوپڑا کو آخر کار اپنی من پسند فلم ’میری پیاری بِندو‘ مل گئی ہے۔

پرینیتی چوپڑا یش راج فلم کے بینر تلے بننے والی فلم ’میری پیاری بندو‘ میں اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

یش راج فلمز نے ٹوئٹر پر اس فلم کا اعلان ایک ویڈیو کے ذریعے کیا جس میں پرینیتی اپنی آواز میں ایک گانا ’مانا کے ہم یار نہیں‘ گاتی نظر آئیں جو فلم میں بھی شامل کیا جائے گا۔

پرینیتی کے ساتھ اس فلم میں ان کے گلوکار دوست ایوشمان کھرانا بھی اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

اس ویڈیو میں پرینیتی کا کہنا تھا ’یہ جو گانا میں نے گایا ہے یہ میری نئی فلم کا گانا ہے، ایک سال کے لمبے عرصے بعد میں اپنی آنے والی فلم کا اعلان کر رہی ہوں۔ یہ فلم یش راج کا پراجیکٹ ہے، جس کی پروڈکشن منیش شرما کریں گے جبکہ ہدایتکاری اکشے روئے دیں گے، اس فلم میں میری گلوکار دوست ایوشمان کھرانا بھی کام کر رہے ہیں‘۔

ایوشمان نے بھی اس فلم کے حوالے سے ٹویٹ کی۔

پرینیتی چوپڑا آخری مرتبہ 2014 کی فلم ’کل دل‘ میں نظر آئیں تھی جو باکس آفس پر بری طرح سے فلاپ ہوئی تھی۔

اس فلم میں پرینیتی کے ساتھ پاکستانی اداکار علی ظفر اور بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے اہم کردار ادا کیا تھا.

واضح رہے کہ فلم 'میری پیاری بندو' پرینیتی چوپڑا کی ساتویں فلم ہے، انہوں نے بولی وڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز 2011 کی فلم 'لیڈیز ورسز رکی بہل' سے کیا تھا.

اس فلم کے لیے پرینیتی کو بہترین ڈیبیو اداکارہ کے فلم فئیر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں