پاکستان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں تین نئے چہرے

اپ ڈیٹ 10 فروری 2016
احمد شہزاد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے—۔فائل فوٹو/ اے یف پی
احمد شہزاد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے—۔فائل فوٹو/ اے یف پی

دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 اور ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے لیے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا،خرم منظور کی دوسال بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے مستقل رکن احمد شہزاد ایونٹ کے لیے جگہ بنانے میں ناکام رہے.

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے لیے 46 گیندوں پر 71 رنز بنانے والے احمد شہزاد اسکواڈ میں جگہ بنانے کے لیے سیلیکٹرز کو متاثر نہ کرپائے.

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اس طرز کرکٹ کے بہترین باؤلرعمرگل اور صہیب مقصود کو بھی اسکواڈ سے باہر کردیا گیا ہے.

دوسری جانب حال ہی میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ اور انگلینڈ لائنز کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خرم منظور کو دوسال بعد قومی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے، انھوں نے 2014 میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی.

پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی پر فاسٹ باؤلر رومان رئیس اور آل راؤنڈر محمد نواز کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے.

چیف سیلیکٹر ہارون رشید کے مطابق، 'ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی اسکواڈ کے انتخاب کے لیے ٹیم انتظامیہ اور کپتان کی سیلیکٹرز کے ساتھ مشاورت ہوئی'.

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور ایشیا کپ کے لیے ٹیم کے انتخاب میں وہاں کے حالات اور کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک اور اے ٹیم کے دوروں میں کارکردگی کو مدنظر رکھا گیا ہے.

'یہ تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل بہترین اسکواڈ ہے اور سلیکٹرزکو امید ہے کہ یہ ٹیم ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھائے گی'.

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں کپتان شاہد آفریدی، محمد حفیظ، شعیب ملک، عمر اکمل، سرفراز احمد، بابر اعظم، افتخار احمد، عماد وسیم، انور علی، محمد عرفان، وہاب ریاض، محمد عامر، محمد نواز، خرم منظور اور رومان رئیس شامل ہیں.

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 8 مارچ سے 3 اپریل 2016 تک ہندوستان میں کھیلاجائے گا.

یاد رہے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹورنامنٹ کے لیے اسکواڈ کے اعلان کے لیے 8 فروری کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی، لیکن پی سی بی نے آئی سی سی سے پاکستانی اسکواڈ کے انتخاب کے لیے مزید وقت مانگا، تاکہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچ کر اسکواڈ میں ان کی شمولیت کا فیصلہ کیا جاسکے.

پاکستان کا یہی اسکواڈ 24 فروری سے بنگلہ دیش میں شروع ہونے والے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں بھی حصہ لے گا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں