پاکستان کو ورلڈ ٹی20 میں مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی

10 فروری 2016
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 8 مارچ سے 3 اپریل تک ہندوستان میں ہوگا—فوٹو: اے ایف پی
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 8 مارچ سے 3 اپریل تک ہندوستان میں ہوگا—فوٹو: اے ایف پی

ممبئی: ہندوستان کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے پاکستان کی جانب سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے میچوں کو غیرجانبدار مقامات پر منتقل کرنے کی تجویز کے بعد تمام ٹیموں کو اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی مہیا کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہر یار خان نے رواں ہفتے کے آغاز میں اپنے بیان میں تجویز پیش کی تھی کہ حکومت کی جانب سے ہندوستان کے دورے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ان کے میچوں کو غیرجانبدار مقام پر منعقد کرائیں جائیں۔

ہندوستان 8 مارچ سے 3 اپریل تک ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا میزبان ہے لیکن پاکستان کی ٹورنامنٹ میں شرکت سیکیورٹی خطرات کے باعث حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔

شہریارخان نے میڈیا سے بات چیت میں کہا تھا کہ " ہم نے آئی سی سی کو اب بھی اور اس سے پہلے بھی آگاہ کیا تھا کہ ہندوستان کے دورے کا فیصلہ حکومت سے منسلک ہے اور اس پر عمل کیا جائے گا اگر پاکستان سے متعلق خاص خطرات موجود رہتے ہیں"۔

مزید پڑھیں: ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کی میچز نیوٹرل وینو پر کروانے کی تجویز

تاہم انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی کے لیے مکمل طورپر تیار ہے اور کسی ملک کو یہاں غیر محفوظ محسوس نہیں کرنا چاہیے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ "پاکستان ان 16 ٹیموں میں سے ایک ہے جسے ہندوستان کی حکومت مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گی، میرے خیال میں کوالیفائی کرنے والی تمام ٹیموں کو یہاں آنا چاہیے، ہندوستان تیار ہے اور اگر کسی ملک کو کوئی مسئلہ ہے تو پھر انھیں اس حوالے سے فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے"۔

سیکرٹری بی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ"بی سی سی آئی ورلڈ کپ کا انتظام بہترین طریقےسے انجام دے گا اور ہر ٹیم کو بہترین تحفظ دیا جائے گا اس سے قبل ہم نے ورلڈ کپ اور کئی انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کی ہے اور میرا نہیں خیال کسی ملک کو یہاں غیر محفوظ سمجھنا چاہیے"۔

2009 ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی چمپیئن پاکستان ٹیم 16 مارچ کو کولکتہ میں اپنا پہلا میچ گروپ اے کی کوالیفائر ٹیم سے کھیلے گی جب کہ روایتی حریف ہندوستان سے میچ 19 مارچ کو دھرم شالا کھیلا جائے گا. پاکستان نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف اگلے دونوں میچ موہالی میں 22 اور 25 مارچ کو کھیلے گا۔


پہلا مرحلہ (گروپ کی فاتح ٹیم دوسرے مرحلے میں داخل ہوں گی)

گروپ اے- بنگلہ دیش، نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور اومان

گروپ بی- زمبابوے، اسکاٹ لینڈ، ہانگ کانگ اور افغانستان

دوسرے مرحلے کے گروپ

سپر 10 گروپ 1

سری لنکا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور گروپ بی کی فاتح ٹیم

سپر 10 گروپ 2

ہندوستان، پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور گروپ اے کی فاتح ٹیم

ماضی کے جھروکے: پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بنگلور میں 2012 میں کھیلے گئے میچ کی جھلکیاں


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں