اخروٹ کا استعمال موٹاپے سے بچاﺅ کے لیے مفید

10 فروری 2016
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے—فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے—فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

جسمانی وزن کی کمی کے لیے لوگ ڈائٹنگ یا کھانا پینا چھوڑ دینے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں مگر ایک مزیدار چیز کا استعمال منہ کے ذائقے کو برقرار رکھتے ہوئے بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

اور وہ ہے اخروٹ۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی اور سان ڈیاگو اسکول آف میڈیسین کی مشترکہ تحقیق کے مطابق اخروٹ اور زیتون کے تیل سے بھرپور غذا جسمانی وزن میں کمی کے لیے بہترین ثابت ہوتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ اخروٹ میں ایسے اجزاءبھی موجود ہیں جو کولیسٹرول لیول کو کم رکھنے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔

محققین نے نتائج کو حیران قرار دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ کچھ مقدار میں اخروٹ کا استعمال موٹاپے سے بچاﺅ کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اخروٹ میں چربی کی مقدار کافی ہوتی ہے مگر اس کا استعمال جسمانی وزن میں کمی کے لیے اسی طرح فائدہ مند ثابت ہوتا ہے جیسے کم چربی والی غذا۔

اس تحقیق کے دوران 22 سے 72 سال کے 245 موٹاپے کے شکار مرد و خواتین کا جائزہ ایک سال تک لیا گیا اور 3 غذاﺅں کے ذریعے انہیں گروپس میں تقسیم کرکے ان کے جسمانی وزن پر مرتب ہونے والے اثرات کو دیکھا گیا۔

6 ماہ بعد معلوم ہوا کہ جن خواتین نے اخروٹ سے بھرپور غذا کا استعمال کیا ان میں دیگر گروپس کے مقابلے میں جسمانی وزن میں زیادہ کمی دیکھی گئی جبکہ ان کا کولیسٹرول لیول بھی کم ہوا۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

avarah toofan Feb 11, 2016 01:43am
yeh sab theek hey lekin bhai akhrot key aflotoxins key baarey meyn bhi battao