' آفریدی کی میڈیا میں پیش کش گمراہ کن ہے'

10 فروری 2016
اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کو بہترین قائد ہیں—فوٹو: اے ایف پی
اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کو بہترین قائد ہیں—فوٹو: اے ایف پی

شارجہ: شاہد آفریدی کو پاکستان میں جذباتی کھلاڑی کے طورپر جانا جا سکتا ہے لیکن پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے اسسٹنٹ کوچ اور زمبابوے کے سابق بلے باز اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ مشہور آل راؤنڈر کو میڈیا میں غلط طریقے سے پیش کیا گیا۔

پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے حال ہی میں لاہور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران ایک صحافی کے سوال کو 'گٹھیا' قرار دیا تھا جس کے بعد صحافیوں نے ان کے رویے کے خلاف شدید احتجاج کیا تھا۔

اینڈی فلاور کا ماننا ہے کہ آفریدی کو جیسے میڈیا پیش کیا جارہا ہے وہ اس سے بہت مختلف شخص ہیں۔

گلف نیوز کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں فلاور کا کہنا تھا کہ "شاہد آفریدی بہترین کپتان ہیں اور وہ ایسے کھلاڑی ہیں جن کی دوسرے پیروی کرتے ہیں"۔

" میں انھیں واضح طور پر جانتا ہوں، ان کے خلاف کئی سالوں تک کھیلتا رہا لیکن شہرت بعض اوقات گمرا کن بھی ہوسکتی ہے، جو کچھ آپ اخبار میں پڑھتے ہیں وہ بھی غلط ہوسکتا ہے"۔

پشاورزلمی کی انتظامیہ میں سابق فاسٹ باؤلر محمد اکرم بھی شامل ہیں فلاور کے مطابق آفریدی اور ان کی جوڑی نے ٹیم کے لیے بہترین کام کیا ہے۔

فلاور نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طورپر اپنی خدمات بھی انجام دی ہیں۔

سابق انگلش کوچ کا کہنا تھا کہ "آفریدی اور اکرم بہترین کارکردگی دکھانے والے دو اچھے رہنما ہیں، ابھی تو ٹورنامنٹ کا آغاز ہے لیکن آغاز شاندار ہے"۔

اینڈی فلاور کا اس بات پر اصرار تھا کہ پی ایس ایل پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اسی طرح فائدہ مند ہوگی جس طرح آئی پی ایل ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ" کئی اچھے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دیکھ کر خوشی ہورہی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ ٹورنامنٹ پاکسانی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہت اچھا ہوگا جس طرح آئی پی ایل نے ہندوستانی کرکٹ کو فائدہ پہنچایا۔

اینڈی فلاور نے مزید کہا کہ"میرے خیال میں وہ اپنے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ ملا رہے ہیں اور یہ ان کے لیے بہترین اعتماد کا باعث ہوگا"۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں