نابینا افراد کیلئے بریل میں قرآن کا ہندی ترجمہ

اپ ڈیٹ 11 فروری 2016
نفیسہ ترین—۔فوٹو/ بشکریہ بی بی سی اردو
نفیسہ ترین—۔فوٹو/ بشکریہ بی بی سی اردو

جھاڑکھنڈ: ہندوستانی ریاست جھارکھنڈ کی ایک بینائی سے محروم اسکول ٹیچر نے اپنے ہی جیسے دیگر افراد کے لیے ہندی زبان میں بریل میں قرآن کریم کا ایک نسخہ تیار کرلیا.

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی ہندی کی ایک رپورٹ کے مطابق جھاڑ کھنڈ کے چوتھے بڑے شہر بوکارو کے ایک اسکول میں ہندی کی ایک ٹیچر نفیسہ ترین نے 965 صفحات پر مشتمل قرآن پاک کا یہ نسخہ ڈھائی سال کی محنت کے بعد تیار کیا.

نفیسہ نے بنارس کے جیون جیوتی اسکول سے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم حاصل کی، بعدازاں بی اے، بی ایڈ کرنے کے بعد وہ بوکارو کے ایک ہائی اسکول میں بچوں کو ہندی پڑھاتی ہیں. انھوں نے دہلی کے ایک ادارے سے کمپیوٹر سائنس میں ڈپلوما بھی کررکھا ہے.

نفیسہ کو قرآن پاک پڑھنے کی بہت خواہش تھی، لیکن بینائی سے محروم ہونے کے باعث کوئی انھیں قرآن پڑھانے کے لیے تیار نہ ہوا اور پھر بالآخر محمد تسلیم نامی ایک حافظ انھیں قرآن پڑھانے کے لیے تیار ہوگئے اور ان کی نگرانی میں 2005 میں نفیسہ نے ہندی زبان میں بریل پر قرآن پاک تحریر کرنے کا آغاز کیا.

اس کام میں نفیسہ کو تقریبآ 3 سال کا عرصہ لگا اور 2008 میں یہ مکمل ہوا، جس کے بعد غلطیوں کو درست کرنے کے کام کا آغاز کیا گیا.

رپورٹ کے مطابق نفیسہ کا کہنا تھا، ’والد کی تحریک، بھائیوں کے حوصلہ افزائی اور حافظ صاحب کی تیاری سے مجھے آج یہ خوش بختی حاصل ہوئی ہے۔'

تاہم ان کا کہنا تھا کہ انھیں کسی مذہبی تنظیم یا سرکاری محکمے سے کسی قسم کی مالی معاونت نہیں ملی.

نفیسہ اس قرآن پاک کو شائع کرانے کا بھی منصوبہ رکھتی ہیں اور اس کے لیے انھیں کسی مخیر شخص یا ادارے کے آگے آنے کا انتظار ہے، لیکن ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی مدد نہ ملی تو وہ اسے خود ہی شائع کروائیں گی.

نفیسہ کے والد مختار کے مطابق 'قرآن لکھنے کے بعد آس پاس کے مدارس اور مساجد کے سربراہوں نے اپنے اپنے طریقے سے نفیسہ سے قرآن پڑھوا كر اس کی تصدیق کی۔'

نفیسہ کے بھائی غوث الاعظم کے مطابق ان کی بہن کا تحریر کردہ قرآن ہندی بریل میں ہندوستان کا پہلا مکمل قرآن ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں