وہاب ریاض کا انگلش کاؤنٹی ایسکس سے معاہدہ

11 فروری 2016
وہان ریاض نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 106 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں—فوٹو: اے ایف پی
وہان ریاض نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 106 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں—فوٹو: اے ایف پی

لندن: انگلش کرکٹ کاؤنٹی ایسکس نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض سے نیٹ ویسٹ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے لیے معاہدے پر دستخظ کردیے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق وہاب ریاض ایسکس کو اس سیزن میں 7 میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے جس کے بعد ان کی جگہ نیوزی لینڈ کےایڈم ملنے لیں گے۔

وہاب ریاض نے اب تک 22.21 کی شاندار اوسط سے 106 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کررکھی ہیں جبکہ کاونٹی کرکٹ میں کینٹ اور سرے کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔

ایسکس کے ہیڈ کوچ کرس سلورووڈ کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ وہاب ریاض نیٹ ویسٹ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے پہلے نصف مرحلے میں ہماری ٹیم کا حصہ ہوں گے، وہ حقیقی فاسٹ باؤلر اور بائیں ہاتھ کے کھلاڑی کی حیثیت سے ہماری باؤلنگ کو مختلف شکل دیں گے۔

کرس سلورووڈ کا کہنا تھا کہ "ہم اس ٹورنامنٹ میں پہلے سے بہتر کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں جس میں وہاب ریاض کی شمولیت ہمارے لیے مددگار ثابت ہوسکتی ہے"۔

ایسکس کاؤنٹی تاحال اس ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی پانے میں ناکام رہی ہے لیکن نئے چیئر مین رونی ایرانی کے آنے کے بعد کلب نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی تیاری کررہا ہے۔

وہاب ریاض پاکستان کی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے مستقل رکن کی حیثیت رکھتے ہیں.

ورلڈ کپ 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف ایک میچ میں ان کی باؤلنگ کو یادگار مانا جاتا ہے جس کو شعیب اختر اور بریٹ لی کی کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد فاسٹ باؤلنگ کا جارحانہ اسپیل قرار دیا گیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں