کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پی ایس ایل میں ایک اور فتح

اپ ڈیٹ 12 فروری 2016
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹورنامنٹ میں چوتھی فتح حاصل کی—فوٹو بشکریہ پی سی بی
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹورنامنٹ میں چوتھی فتح حاصل کی—فوٹو بشکریہ پی سی بی

شارجہ: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی نصف سنچری اور باؤلرز کی بہترین کارکردگی کے بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں چوتھی فتح اپنے نام کرلی.

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفرازاحمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈکو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر شرجیل خان 2 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم قائم مقام کپتان شین واٹسن نے بریڈ ہیڈن کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ میں اسکور 55 رنز تک پہنچایا لیکن وہ 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد ٹورنامنٹ میں پہلی دفعہ کوئٹہ کی نمائندگی کرنے والے اعزاز چیمہ کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ ہوئے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے.

شین واٹسن کے آؤٹ ہوتے ہی اسلام آباد کے بلے بازی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل آؤٹ ہوتے رہے.

بریڈ ہیڈن 15، خالد لطیف 6 اور سیم بلنگز 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکور 68 رنز تھا، عمران خالد اور کامران غلام نے اسکور کو 86 رنز تک پہنچایا اور اہم موقعے پر عمران خالد صرف 18 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم کامران نے اسکور کو 100 کا ہندسہ عبور کرنے کے لیے 9 رنز بنائے.

آندرے رسل 10، سعید اجمل 10 اور رومان رئیس 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد عرفان صفر پر کھڑے رہے.

کوئٹہ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ نے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، ذوالفقار بابر اور اعزاز چیمہ دووکٹیں ہتھیانے میں کامیاب ہوئے.

اسلام آباد کی ٹیم آخری اوور کی پہلی گیند میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی.

شارجہ کی وکٹ پر ایک آسان ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز اچھا نہیں تھا جب تیسرے اوور میں آندرے رسل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے دو اہم کامیابیاں دلادیں. لیوک رائٹ 5 اور کیون پیٹرسن صفر پر آؤٹ ہوئے اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسکور 14 رنز تھا.

احمد شہزاد اور کپتان سرفراز نے تیسری وکٹ میں 59 رنز کی شراکت قائم کی. احمد شہزاد کو 41 رنز پر آندرے رسل نے آؤٹ کیا انھوں نے اپنی اننگز کو 5 چوکوں اور ایک چھکے سے مزین کیا.

کپتان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف کے حصول تک کھڑے رہے اور 51 رنز بنائے جبکہ محمد نواز نے 14 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 118 رنز کا ہدف تین وکٹیں کھو کر 17 ویں اوور حاصل کرلیا.

اسلام آباد کی جانب سے آندرے رسل نے تین وکٹیں حاصل کیں.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے گرانٹ ایلیٹ کو 3 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفرازاحمد نے مسلسل پانچویں دفعہ ٹاس جیت کر منفرد اعزاز بھی اپنے نام کیا.

قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں ایلٹن چیگمبرا کی جگہ گرانٹ ایلیٹ اور عمرگل کو آرام دے کر اعزازچیمہ کو موقع دیا دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے فاسٹ باؤلر محمد سمیع کی جگہ طویل القامت محمد عرفان کو ٹیم میں جگہ دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک کھیلے گئے 5 میچوں میں سے 4 میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک دوفتوحات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں