ویلنگٹن ٹیسٹ کا پہلا دن آسٹریلیا کے نام

12 فروری 2016
آسٹریلین کھلاڑی نیوزی لینڈ کی وکٹ لینے پر ناتھن لایون کو مبارکباد دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
آسٹریلین کھلاڑی نیوزی لینڈ کی وکٹ لینے پر ناتھن لایون کو مبارکباد دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

ویلنگٹن: جوش ہیزل وُڈ کی شاندار باؤلنگ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے دن کا کھیل آسٹریلیا کے نام رہا جہاں میزبان ٹیم 183 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

ویلنگٹن میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے باؤلنگ کیلئے سازگار پچ پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں ہی اس وقت درست ثابت ہوا جب ہیزل وڈ اور پیٹر سڈل نے کیوی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔

میزبان ٹیم صرف 51 رنز پر پانچ مستند بلے باز گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید 100 رنز کے اندر اندر کیویز کی بساط لپٹ جائے گی۔

اس موقع پر کوری اینڈرسن اور بہ جے واٹلنگ نے 37 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، ہیزل وڈ نے واٹلنگ کا قصہ تمام کردیا جبکہ 97 کے اسکور پر ڈگ بریسویل بھی پویلین سدھار گئے۔

کوری اینڈرسن نے مارک کریگ کے ساتھ ساتھ اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا لیکن ایک ایسے موقع پر جب وہ بالکل سیٹ نظر آ رہے تھے، ناتھن لایون نے عثمان خواجہ کی مدد سے ان کی مزاحمت کا خاتمہ کردیا، انہوں نے 38 رنز بنائے۔

لایون نے صرف اسی پر اکتفا نہ کیا بلکہ اپنے اگلے ہی اوور میں ٹم ساؤدھی کو آؤٹ کر کے لیویز کو 137 رنز پر ہی نویں وکٹ سے محروم کردیا۔

اس مشکل وقت میں مارک کریگ نے ٹرینٹ بولٹ کے ساتھ دسویں وکٹ کیلئے قیمتی 46 رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعہ 183 تک پہنچا دیا، بولٹ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جنہوں نے 24 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل وڈ نے چار جبکہ سڈل اور لایون نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں آسٹریلیا کی پہلی اننگ کا آغاز بھی تباہ کن تھا اور ٹم ساؤدھی نے صرف پانچ کے مجموعے پر دونوں اوپنرز جو برنز اور ڈیوڈ وارنر کو پویلین لوٹا دیا۔

تاہم کپتان اسٹیون اسمتھ اور عثمان خواجہ نے تیسری وکٹ کیلئے 126 رنز جوڑ کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا، اسمتھ 71 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

کیویز کو جلد ہی چوتھی کامیابی اس وقت ملی جب ڈگ بریسویل نے ایڈم ووجز کو پویلین لوٹا دیا تاہم امپائر نے اسے متنازع انداز میں نوبال قرار دیا۔

ایکشن ری پلے سے صاف ظاہر تھا کہ برسویل کے پیر کا کچھ حصہ لائن سے پیچھے تھا لیکن اس کے باوجود امپائر نے اسے نوبال قرار دیا۔

جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے تین وکٹ کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے، عثمان 57 اور ایڈم ووجز سات رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔

آسٹریلیا کو نیوزی لینڈ کی پہلی اننگ کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید محض 36 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں